مشہور ترک شیف “براک” نے اپنے ہی والد کیخلاف فراڈ کا مقدمہ درج کروا دیا

ترک شیف کے والد نے بیٹے کے علم میں لائے بغیر کئی افراد کو بیٹے کے نام پر ریسٹورنٹ کھولنے کی اجازت دی، براک ازدمیر نے استنبول میں اپنے ریسٹورنٹ کی کوئی برانچ نہ ہونے کی وضاحت کر دی

استنبول (نیوز ڈیسک) مشہور ترک شیف “براک” نے اپنے ہی والد کیخلاف فراڈ کا مقدمہ درج کروا دیا، ترک شیف کے والد نے بیٹے کے علم میں لائے بغیر کئی افراد کو بیٹے کے نام پر ریسٹورنٹ کھولنے کی اجازت دی، براک ازدمیر نے استنبول میں اپنے ریسٹورنٹ کی کوئی برانچ نہ ہونے کی وضاحت کر دی۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق عالمی شہرت یافتہ ترک شیف براک ازدمیر کے اپنے والد کے ساتھ تعلقات خراب ہو گئے ہیں۔
ترک شیف نے اپنے نام پر کیے جانے والے فراڈ کا انکشاف ہونے پر اپنے ہی والد کیخلاف کیس دائر کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ترکیہ میں آنے والے حالیہ زلزلے کے بعد ترک شیف براک ازدمیر نے جب متاثرین کی امداد شروع کی تو اس دوران انہیں معلوم ہوا کہ ان کے والد نے کئی لوگوں کو اپنے بیٹے کے نام پر ریسٹورنٹ کھولنے کی اجازت دے رکھی ہے، اور اس حوالے سے اپنے بیٹے کو بالکل لاعلم رکھا۔
اس انکشاف کے بعد براک ازدمیر نے والد کیخلاف فراڈ کا کیس دائر کر دیا اور موقف اختیار کیا کہ ان کے والد نے ان کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔ جبکہ انہوں نے وضاحت کی ہے کہ صرف دبئی، قطر اور تاجکستان میں ان کے ریسٹورنٹ واقع ہیں، اس وقت ترک شہر استنبول میں ان کا کوئی ریسٹورنٹ موجود نہیں ہے۔ براک ازدمیر نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد استنبول میں بھی اپنا ریسٹورنٹ کھولیں گے۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق براک ازدمیر اپنے والد کے خلاف دائر کیے گئے فراڈ کیس کے اخراجات پورے کرنے کیلئے اور استنبول میں اپنے نئے ریسٹورںٹ کی برانچ کھولنے کیلئے اپنی کئی قیمتی گاڑیوں کو فروخت کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ براک ازدمیر کی جانب سے والد کیخلاف دائر کیس کی سماعت ستمبر کے ماہ میں ہو گی، جبکہ اسی ماہ استنبول میں ان کے ریسٹورنٹ کی نئی برانچ کا افتتاح بھی متوقع ہے۔