ملک میں کہیں بھی سرکاری قیمت پر ایل پی جی فروخت نہیں ہو رہی،5 اور 6 اگست کو ملک بھر میں ہڑتال ہو گی،عرفان کھوکھر
کراچی (کامرس ڈیسک) پیٹرولیم ڈیلرز کے بعد ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے بھی ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سرکاری قیمت پر ایل پی جی کی فروخت نہ ہونے پر ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے 5 اگست سے ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہا کہ سوئی گیس کی قلت ہے اور ایل پی جی قوت خرید سے باہر ہو گئی،ملک میں کہیں بھی مقررہ سرکاری قیمت پر ایل پی جی فروخت نہیں ہو رہی ہے۔
ایل پی جی کی قیمت 178 روپے کلو ہے لیکن 220 سے 350 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔ عرفان کھوکھر کا کہنا تھا کہ 5 اور 6 اگست کو ملک بھر میں ایل پی جی کی ہڑتال ہو گی۔ یاد رہے کہ پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں 22 جولائی سے پٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے منافع کی شرح پر اعتراض اٹھایا،چئیرمین پٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن عبدا لسمیع خان نے کہا کہ ایرانی اور اسمگل شدہ پٹرول سے سیل 30 فیصد گر گئی۔
حکومت نے منافع کی شرح 2.40 فیصد رکھی جو منظور نہیں،تحفظات دور ہونے تک پٹرول کی فراہمی کو بند رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورے ملک میں 22 جولائی سے کام بند کرنے کا اعلان کر رہے ہیں۔ اس صورتحال میں ہماری آمدنی بالکل ختم ہو کر رہ گئی ہے،جبکہ اس مارجن میں کام کرنا ناممکن ہو گیا ہے۔ملک بھر میں 12 ہزار سے زائد نیٹ ورک کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ 3 جون 2023ء کو وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبد القدوس بزنجو نے کوئٹہ اور گرد و نواح میں ایرانی پٹرول کی فروخت پر پابندی کا نوٹس لیتے ہوئے کہا تھا کہ روزگار کے مواقعوں کی کمی کے باعث لوگ ایرانی پٹرول کی فروخت سے اپنا اور اپنے خاندانوں کا معاش پیدا کر رہے ہیں،ایرانی پٹرول کے کاروبار سے بہت سے گھروں کے چولہے جلتے ہیں۔