الجزائر سٹی: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) افریقی ملک الجزائر میں مسافر بس اور آئل ٹینکر کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم میں 35 افراد جھلس کر ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی افریقی ملک الجزائر کے جنوبی صوبہ بتمنراست کے ہائی وے پر مسافر بس اور آئل ٹینکر کے ٹکرانے سے خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔
دیکھتے ہی دیکھتے آتشزدگی میں مسافر بس اور آئل ٹینکر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے، مسافروں کو بس سے باہر نکلنے کا موقع تک نہ مل سکا، بس میں 50 کے قریب مسافر موجود تھے۔
ریسکیو ادارے کے اہلکاروں نے بس کے ملبے سے 35 لاشیں نکالیں جب کہ 12 مسافروں کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، زخمیوں میں سے 6 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ آئل ٹینکر کے ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا جو مخالف سمت پر تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہا تھا، پولیس نے آئل ٹینکر کے ڈرائیور کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا۔