مئی کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں منظوری کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا،قیمتوں میں اضافے کا اطلاق جولائی کے بلوں پر ہو گا
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) مہنگائی کے ستائے عوام کو ایک بار پھر مہنگی بجلی کے جھٹکے دے دئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کی قیمت میں 1 روپے 90 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا گیا ہے،نیپرا نے مئی کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں منظوری کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں میں اضافے کا اطلاق جولائی کے بلوں پر ہو گا،بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہو گا۔
سی پی پی اے نے 2 روپے 5 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی،نیپرا نے 5 جولائی کو درخواست پر سماعت کی تھی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ کیے جانے کے چند دن بعد ہی سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کی قیمت میں اضافے کیلئے درخواست نیپرا میں جمع کروائی گئی تھی جس کے بعد بجلی مزید 1 روپیہ 88 پیسے مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سی پی پی اے کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا۔ نیپرا سی پی پی اے کی درخواست پر 26 جولائی کو سماعت کرے گا۔ ادھر کراچی کے شہریوں پر بھی بجلی بم گرانے کی تیاری کر لی گئی،کے الیکٹرک نے بجلی 2 روپے 33 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی۔ یہاں واضح رہے کہ نیپرا نے بجلی کا بنیادی ٹیرف تقریباً 30 روپے مقرر کیا ہے تاہم تمام چاجرز اور ٹیکسز شامل کرنے سے فی یونٹ بجلی کی قیمت کہیں زیادہ ہو گی۔
فی یونٹ بنیادی ٹیرف 29 روپے 78 پیسے ہو جانے کے بعد ٹیکسز اور دیگر چارجز شامل کرنے سے بجلی کا 1 یونٹ 50 روپے سے بھی زائد کی قیمت کا ہو جائے گا۔نیپرا کی جانب سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافہ کیے جانے کے بعد بتایا گیا کہ اب انتہائی کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین بھی بھاری بھرکم بجلی کے بلوں کیلئے تیار ہو جائیں۔