سونے کی فی تولہ قیمت اضافے کے بعد 2 لاکھ 21 ہزار روپے ہوگئی ہے، 10 گرام سونے کی قیمت بھی 5316 روپے بڑھ گئی ہے
کراچی (کامرس ڈیسک) آئی ایم ایف معاہدے کے بعد ڈالر کی قدر گرنے اور معاشی و کاروباری سرگرمیاں بحال ہونے کے ساتھ ہی جہاں سونے کی قیمتوں میں بھی بڑی کمی واقع ہوئی تھی، وہاں اب سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ ہوگیا ہے، ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 6 ہزار 200 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ کراچی صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 6 ہزار 200 روپے کا اضافہ ہونے سے فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 21 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 5316 روپے بڑھ گئی ہے۔ جس کے باعث دس گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ 89 ہزار 472 روپے ہوگئی ہے۔ یاد رہے گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 10 ڈالرز اضافہ ہوا جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں بھاؤ 1967 ڈالرز فی اونس ہوگیا ہے۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی کرنسی کی اونچی اڑان جاری ہے اور انٹربینک میں ڈالر مزید 2 روپے 09 پیسے مہنگا ہوکر 281 روپے کی سطح پر پہنچ گیا، اوپن مارکیٹ میں اس کی قیمت 286 روپے ہوگئی۔
ٹریڈنگ کے آغاز میں انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 2 روپے 09 پیسے مہنگا ہوا اور اس کی قیمت 281 روپے 35 پیسے ہوگئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید 2 روپے مہنگا ہونے کے بعد 287 روپے میں اس کی فروخت جاری ہے۔ فاریکس ڈیلرز نے کہا ہے کہ انٹربینک میں ڈالر کی رسد کے مقابلے میں طلب میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، بینکوں کی جانب سے درآمد کنندگان کو ڈالر 281 روپے پچاس پیسے پر فروخت کیا جا رہا ہے۔