جنوبی کوریا میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 39 ہوگئی

سیئول : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) جنوبی کوریا میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 39 ہوگئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے جہاں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 39 تک جا پہنچی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیرکے روز شمالی صوبے کے شہر چوئنگجو کے انڈر پاس میں 13 افراد ڈوب گئے جن کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ دریا کا پانی بند توڑ کر شہر میں داخل ہوگیا جس کے نتیجے میں 685 میل لمبی سرنگ میں پانی بھر گیا، پانی بھرنے کے وقت سرنگ میں 15 سے زائد گاڑیاں اور مسافروں سے بھری بس موجود تھی۔

ریسکیو ورکرز اب تک 13 لاشیں نکال چکے ہیں جبکہ مزید افراد کی تلاش کا کام جاری ہے، حکام نے اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔