اسلام آباد (کامرس ڈیسک) ملک میں 1300 سی سی اور اس سے زیادہ پاور کی موٹر کاروں کی فروخت میں گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر 57 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ آل پاکستان آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2023 میں ملک میں 1300 سی سی اور اس سے زیادہ پاور کی 44596 یونٹ موٹر کاروں کی فروخت ریکارڈکی گئی جو مالی سال 2022 کے مقابلہ میں 57 فیصد کم ہے ۔
مالی سال 2022 میں ملک میں 1300 سی سی اور اس سے زیادہ پاور کی 104321 یونٹ موٹر کاروں کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی۔ جون میں 1300 سی سی اور اس سے زیادہ پاور کی 1654 یونٹ کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو مئی کے 1445 یونٹ کے مقابلہ میں 14 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال جو ن کے مقابلہ میں رواں سال جون میں 1300 سی سی اور اس سے زیادہ پاور کی موٹر کاروں کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 84فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ گزشتہ سال جون میں 10242 یونٹ کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی جو رواںسال جون میں کم ہو کر 1654 یونٹ ہو گئی۔