ڈیری فارمرز نے فی کلو قیمت میں یکدم 20 روپے اضافہ کر کے دودھ کی نئی قیمت 230 روپے مقرر کر دی
کراچی(کامرس ڈیسک) عید کے بعد مہنگائی کا نیا “تحفہ”، دودھ مہنگا ہونے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، ڈیری فارمرز نے فی کلو قیمت میں یکدم 20 روپے اضافہ کر کے دودھ کی نئی قیمت 230 روپے مقرر کر دی۔ تفصیلات کے مطابق عید الاضحٰی کی تعطیلات ختم ہوتے ہی عوام کو مہنگائی کا ایک اور بڑا دھچکا دے دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کرچی میں ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمت میں من مانا اضافہ کرنے کا اعلان ک دیا ہے۔
ڈیری فارمرز نے کمشنر کراچی کے احکامات کو نظرانداز کرتے ہوئے فی لیٹر دودھ کی قیمت20روپے اضافہ کر دیا جس کے بعد ایک لیٹر دودھ کی نئی قیمت230 روپے کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی ہے۔ کراچی میں دودھ کی سرکاری قیمت 180 روپے مقرر کی گئی تھی تاہم شہر بھر میں فی کلو دودھ 230 روپے کی قیمت میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
پہلے بھی شہر میں سرکاری قیمت پر کہیں عملدرآمد نہیں ہو رہا تھا، دودھ 210 روپے میں فروخت ہوتا رہا اور اب مزید مہنگا کر دیا گیا ہے۔
ڈیری فارمرز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ڈیری فارمرز کا دودھ کی قیمتوں میں بیس روپے فی لیٹر اضافے کا فیصلہ باہمی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے دودھ کی پیداواری لاگت 222 روپے فی لیٹر کا تخمینہ لگایا تھا، جب کہ ڈیری فارمرز نے دودھ کی پیداواری لاگت کا تخمینہ 242 روپے فی لیٹر لگایا تھا، ڈیری فارمرز کا کہنا ہے کہ کمشنر کراچی دودھ کی قیمتوں کے حوالے سے سنجیدہ نہیں ہیں، گزشتہ تین ہفتے کے دوران دودھ کی قیمتوں سے دو اجلاس طلب کیے گے لیکن کمشنر کراچی غیر حاضر رہے۔
دوسری جانب مالی سال 23-2022 کے اختتام پر مہنگائی کی سالانہ مجموعی شرح سے متعلق اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 13 جماعتوں کی اتحادی حکومت کے دور میں مالی سال 23-2022 ملکی تاریخ کا سب سے مہنگا سال ثابت ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف حکومت کے آخری مالی سال 2021 میں مہنگائی کی سالانہ شرح 9.50 فیصد تھی، جو رواں سال 30 جون کو ختم ہونے والے مالی سال پر 200 فیصد سے زائد اضافے سے 29.18 فیصد رہی۔
مہنگائی کے حوالے سے ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق سال بھر میں چائے، آٹا، چاول، آلو، مرغی، دالوں سمیت سب کچھ مہنگا ہوا۔ ایک سال میں سگریٹ کی قیمت میں 129 فیصد، چائے 113 فیصد ، گندم کا آٹا 90 فیصد، چاول 73 فیصد، آلو 65 فیصد اور گندم 62 فیصد سے زائد، مرغی 58 فیصد اور دال مونگ 50 فیصد سے زائد مہنگے ہوئے۔ یہاں واضح رہے کہ مئی 2023 میں ملک میں مہنگائی بڑھنے کا 76 سالہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا، جس کے بعد اب پاکستان دنیا کے سب سے مہنگے ترین ممالک کی فہرست میں آ گیا تھا۔
اس حوالے سے دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ آف سٹیٹسٹکس نے دنیا بھر میں مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کیے، ان اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے 10 مہنگے ترین ممالک کی فہرست میں پاکستان بھی شامل ہے۔ اعدادو شمار کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا، مئی میں 38 فیصد شرح کے ساتھ پاکستان کا دنیا میں چھٹا مہنگا ترین ملک قرار پایا۔