پریموز روگلک نے پہلی مرتبہ گیرو ڈی اٹالیا سائیکل ریس جیت لی

روم : (سپورٹس ویب ڈیسک ) سلووینیا کے سائیکلسٹ پریموز روگلک نے پہلی مرتبہ گیرو ڈی اٹالیا سائیکل ریس جیت لی۔ ریس کے 21ویں مرحلے میں سائیکل سواروں نے روم سے روم تک سیدھا 126 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنا تھا، برطانوی سائیکلسٹ مارک کیوینڈش نے لکسمبرگ کے سائیکلسٹ الیکس کرش کو شکست دیتے ہوئے مطلوبہ فاصلہ 2 گھنٹے 48 منٹ 26 سیکنڈ میں طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

ریس کے آخری 21 ویں مرحلے میں لکسمبرگ کے سائیکلسٹ الیکس کرش نے دوسری جبکہ اطالوی سائیکلسٹ فلیپو فیوریلی نے تیسری پوزیشن حاصل کی تاہم مجموعی طور پر ریس 33 سالہ سلووینین سائیکل سوار پریموز روگلک کے نام رہی۔

ریس میں مجموعی طور پر دوسری پوزیشن برطانوی سائیکلسٹ جیرائنٹ تھامس کے نام جبکہ پرتگال کے سائیکلسٹ جواؤ المیڈا تیسرے نمبر پر رہے۔