برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ کے دروازے سےگاڑی ٹکرا گئی

پولیس نے ڈاؤننگ اسٹریٹ کے سامنے سے گزرنے والی مرکزی سڑک وائٹ ہال کو بند کر دیا ہے، سونگھنے والے کتوں کی مدد سے اطراف میں تفتیش جاری

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ کے دروازے سےگاڑی ٹکرا گئی۔ پولیس نے ڈاؤننگ اسٹریٹ کے سامنے سے گزرنے والی مرکزی سڑک وائٹ ہال کو بند کر دیا ہے، سونگھنے والے کتوں کی مدد سے اطراف میں تفتیش جاری ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق وزیراعظم ہاؤس 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کےگیٹ سےگاڑی ٹکرانے کے واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا،گاڑی ٹکرانے والے شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک گاڑی برطانوی وزیراعظم رشی سونک کےگھر کے دروازے کے سامنے کھڑی ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق حادثے کے وقت برطانوی وزیراعظم رشی سونک گھر میں ہی موجود تھے تاہم وہ اپنے مقررہ شیڈول کے تحت ایک دورے پر چلےگئے۔ رپورٹ کے مطابق گاڑی ٹکرانے سے قبل اس کی رفتار کم ہوگئی تھی جس کے باعث کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔