اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے ملبوسات کے برانڈ ایم ٹی جے کا افتتاح کر دیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم ٹی جے برانڈ کی افتتاحی تقریب کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ہوئی، تقریب میں مولانا طارق جمیل اور سینیٹر فیصل واوڈا کے علاوہدیگر شخصیات بھی شریک ہوئیں۔اس موقع پر سینیٹر فیصل واوڈا نے وزیراعظم عمران خان کا پیغام پہنچایا،تقریب میں راحت فتح علی خان نے حمد باری تعالی پڑھی جبکہ شفقت امانت علی نے اسمائے حسنی پڑھے۔ایم ٹی جے، ملبوسات کو ایک اور نجی برانڈ کے اشتراک سے لانچ کیا گیا ہے۔اس سے قبل ایک
ویڈیو پیغام میں مولانا طارق جمیل نے برانڈ کی بنیاد رکھنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ سن 2000 سے میرے دل میں آتا تھا کہ اللہ کوئی ایسا سلسلہ بنا دے کہ میرے پاس جو مدارس ہیں وہ اپنے پائوں پرکھڑے ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ میں سوچتا تھا کہ یااللہ کوئی ایسی شکل بنا دے کہ زکوةٰ خرچ نہ ہو اور زکو ةٰکے بغیر ہی مدرسہ چلے۔مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ جب کورونا آیا تو اللہ نے میرے دل میں ڈالا کہ ہم کوئی کاروبار کریں جس کی کمائی کو ہم مدارس میں لگائیں تو میری بھی یہی نیت بنی کہ کوئی ایسا کاروبار ہو جس سے اللہ تعالی بھی جزائے خیر دے اور چند دوستوں نے مل کر اس کی کوشش کی۔مولانا طارق جمیل نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کسی کاروباری نیت سے یہ کام نہیں کیا، کسی کے مقابلے میں یہ کام نہیں کیا، صرف اس لیے کیا کہ اللہ کرے کہ اس سے کم از کم میرے مدارس اپنے پائوں پر کھڑے ہو جائیں اور میرے دنیا سے جانے کے بعد بھی یہ سلسلہ چلتا رہے۔