حالیہ ہفتے میں آلو، چاول، کیلے، بیف، لہسن اور انڈوں سمیت اُنیس اشیاء مہنگی ہوگئیں، 13 اشیاء کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔ ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ
اسلام آباد ( کامرس ڈیسک ) وفاقی بجٹ میں ٹیکسز بڑھنے آئی ایم ایف کی شرائط پر بجلی کی قیمتوں کے اضافے سے جہاں عوام پر مہنگائی کے شدید اثرات پڑے ہیں، وہاں حکومت کی عوام دوست حکمت عملی کی وجہ سے مہنگائی کی شرح کم ہوکر14.07 فیصد تک پہنچ گئی، جس کے باعث ہفتہ وار بنیادوں پر19 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے، جس کے تحت ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.15 فیصد کمی ہوگئی ہے۔
رواں ہفتے 13 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 19 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ حالیہ ایک ہفتے میں پیاز کی قیمت میں 5 روپے 58 پیسے فی کلو، لہسن فی کلو 7 روپے 38 پیسے، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 27 روپے 66 پیسے مہنگا ہوگیا۔
انڈے ایک روپے 65 پیسے فی درجن مہنگا ہونے سمیت آلو، چاول، کیلے، بیف، نمک اور گڑ بھی مہنگے ہوگئے۔ اسی طرح ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 19 روپے 3 پیسے، چکن 6 روپے 73 پیسے، گندم کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 23 روپے 32 پیسے کمی ہوئی ہے۔
مٹن، چائے کی پتی سمیت 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں ایک ہزار 400 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ فی تولہ سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں نئی قیمت 2 لاکھ 63 ہزار500 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں1200 روپے کا اضافہ ہوا۔
جس کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 25 ہزار 908 روپے ہوگئی ہے۔ یاد رہے گزشتہ روز ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار روپے اضافہ ہوا تھا۔ عالمی سطح پر فی اونس سونے کی قیمت میں 15 ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 2518 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک نے نئے نوٹوں کی سیریز کے مقابلے کے نتائج جاری کردیے اور نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائنز کو شارٹ لسٹ کرلیا۔
اعلامیے کے مطابق اسٹیٹ بینک نے 10 سے 5 ہزار روپے کے نئے نوٹوں کے ڈیزائن کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔ 500 روپے کے دو نوٹوں میں محترمہ فاطمہ جناح کا نوٹ شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، ایک ہزار کے نوٹ پر لیاقت علی اور ان کے مکے کا نشان ہے اور پچھلی طرف ہاتھوں کی زنجیر موجود ہے۔ شارٹ لسٹ کیے گئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائنز میں 10، 20، 100، 500 اور 5 ہزار کے نوٹوں پر قائد اعظمؒ کی تصویر آویزاں ہے۔ شارٹ لسٹ کیے گئے ڈیزائنز کو بین الاقوامی ڈیزائنروں کے پاس بھیجا جارہا ہے جو ڈیزائنوں کو دیکھ کر فائنل کریں گے۔