سینچورین (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک روزہ کرکٹ میں 13 سنچریاں اسکور کر کے جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔جنوبی افریقا کے خلاف گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں بابر اعظم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 103 رنز اسکور کیے۔یہ بابر اعظم کی ایکروزہ کرکٹ میں 13 ویں سنچری تھی جو انہوں نے اپنے 76 ویں انٹرنیشنل میچ میں اسکور کی۔ بابر اعظم نے سنچری اسکور کر کے ناصرف اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار
ادا کیا بلکہ انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں 13 سنچریاں اسکور کر کے جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔سابق جنوبی افریقی بلے باز ہاشم آملہ نے 13 سنچریوں کا کارنامہ اپنے 83 ویں میچ میں سرانجام دیا تھا جبکہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے اپنی 13 ویں ایک روزہ سنچری 86 ویں میچ میں مکمل کی تھی۔جنوبی افریقی ٹیم تیمبا بووما کی کپتانی میں کوئنٹن ڈی کاک، ایڈن مارکرام، راسی وین ڈیر ڈوسین، ہینرک کلاسین، ڈیوڈ ملر، اندیلے پھیلوکوایو، کاگیسو ربادا، آنرچ نورجے، لونفی نگیدی اور تبریز شمسی پر مشتمل ہے جب کہ پاکستانی ٹیم میں بابر اعظم کی کپتانی میں امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، دانش عزیز، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین اور حارث رؤف شامل ہیں ۔