آئی ایم ایف کی آخری شرط پوری کرنے کیلئے سپہ سالار کی کاوشیں بیان نہیں کرسکتا

اب آئی ایم ایف کا معاملہ آخری مرحلے میں ہے، آخری شرط دوست ممالک سے پیسوں کی تھی، وزیرخزانہ سمیت سب اپنی جگہ کوشش کررہے، اللہ کی نصرت ضرور آئے گی۔ وزیراعظم شہبازشریف کا خطاب

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی آخری شرط پوری کرنے کیلئے سپہ سالار کی کاوشیں بیان نہیں کرسکتا، اب آئی ایم ایف کا معاملہ آخری مرحلے میں ہے، آخری شرط دوست ممالک سے پیسوں کی تھی، وزیرخزانہ سمیت سب اپنی جگہ کوشش کررہے ،اللہ کی نصرت ضرور آئے گی۔ انہوں نے اتحادیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی حکومت کا ایک سال بحرانوں کا مقابلہ کرتے ہوئے گزرا، ہم جس کشتی پر سوار ہیں اس کو کنارے لگائیں گے، بیچ منجدھار نہیں چھوڑیں گے، عمومی تاثر تھا کہ اتحاد زیادہ دیر نہیں چل سکتا، مخالفین کہتے تھے چند دن کی بات ہے پھر اندھیری رات، ہمارے مخالفین کو لالے پڑے ہیں اتحاد ٹوٹا کیوں نہیں؟ بلاول بھٹو، مولانا فضل الرحمان اور دیگر نے راستے الگ کیوں نہیں کئے؟ ہمارے اتحاد کو ایک سال ہوگیا ہے، کبھی کوئی اتحاد اتنی دیر قائم نہیں رہا ،یہ اتحاد بے مثال ہے، اس اتحاد کو جتنا مضبوط کیا جائے کم ہے۔
ہمارے درمیان اختلاف بھی ہوتا ہے کبھی بات مان لی کبھی منوا لی،یہ جمہوریت کا حسن ہے، یہ اتحاد خلوص پر قائم ہے اس کا مقصد ملک کو بنانا ہے۔اتحادیوں کا تعاون نہ ہوتا تو حکومت کامیاب نہیں ہوسکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جو ہورہا ہے کبھی تاریخ میں ایسا ہوا کہ عدالت اس طرح بات کرے؟ قانون نے ابھی حتمی شکل اختیار نہیں کی لیکن عدالتی 3رکنی بنچ نے حکم امتناع دے دیا ، اس انوکھے فیصلے سے عدل وانصاف کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
آج بار کونسلز بھی قانون کی عملداری کے ساتھ کھڑی ہیں،بارکونسلز نے بھی کہا کہ یہ انصاف کے تقاضوں کے برعکس فیصلہ ہوا ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے حکومتی اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کا معاملہ آخری مرحلے میں ہے، آئی ایم ایف کی آخری شرط دوست ممالک سے پیسے جمع کروائیں، ہمارے سپہ سالار نے اس حوالے سے بے پناہ کوششیں کی ہیں، وزیرخزانہ نے اتنی محنت کی کہ اپنی نیندیں حرام کردیں ، 27اپریل کو چینی ہم منصب سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوگی، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ آئی ایم ایف کا معاملہ حتمی نتیجے تک پہنچے، اللہ کی نصرت ضرور آئے گی ، سب اپنی جگہ کوشش کررہے ہیں، ملکی مسائل میں ضرور کمی ہوگی۔