مفت آٹا پیکیج ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سکینڈل ثابت ہو گا: چودھری پرویز الہٰی

لاہور: (نیوز ڈیسک) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ مفت آٹا فراہمی پیکیج ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سکینڈل ثابت ہو گا۔ مرکزی صدر تحریک انصاف چودھری پرویز الہٰی سے سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین، برگیڈیئر اعجاز شاہ، سابق وزراء چودھری ظہیر الدین، باؤ رضوان، چودھری لیاقت علی بھدر، سابق مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر زین بھٹی، بیرسٹر ارحم طارق بٹ، بیرسٹر عزیز، بیرسٹر حمزہ، سلمان خان اور فرخ ایڈوکیٹ نے ملاقات کی، اس دوران سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن، سٹیٹ بینک اور پارلیمنٹ سمیع اللہ سے کلیم اللہ کا کھیل کھیل رہے ہیں، سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن کو مختص رقم دینا ہو گی، جمہوریت کے استحکام اور تحفظ کیلئے سب کو آئین اور قانون پر عمل کرنا ہو گا، مفت آٹا فراہمی ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سکینڈل ثابت ہو گا۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ نگران دور میں گندم، آٹا، چینی اور کھاد کی سمگلنگ بڑھ گئی ہے، غیر منتخب نمائندے عوامی فلاحی منصوبوں کے التواء کا باعث بن رہے ہیں، شہباز شریف توہین عدالت کے مرتکب ہو چکے، اب فیصلے کا انتظار ہے، عمران خان کے 4 سالہ دور میں ملک ترقی کی راہ پر گامز ن ہوا۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا ہے کہ عمران خان نے اندرون و بیرون ملک سبز جھنڈے کے تقدس میں اضافہ کیا، انہوں نے عالمی سطح پر کشمیر سمیت مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا، ترقی کا سفر جہاں سے رکا تھا انشاء اللہ وہیں سے دوبارہ شروع کریں گے۔