خاتون جج دھمکی کیس،عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

سیشن عدالت نے وارنٹ کی تعمیل زمان پارک رہائش گاہ پر کرانے کی ہدایت کر دی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) خاتون جج کو دھمکی دینے کا کیس،عدالت نے عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق ڈسڑکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں عمران خان کیخلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت ہوئی،چیئرمین پی ٹی آئی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی عدم تعمیل کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی۔
پراسیکوٹر راجہ رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل دئیے کہ عمران خان کو عدالت نے ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے،سابق وزیراعظم اپیل دائر کرتے ہیں لیکن خود عدالت پیش نہیں ہوتے۔ توشہ خانہ کیس میں وارنٹ کی تعمیل کے لیے جانے والے ایس پی کو تحریک انصاف نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا،پراسیکوٹر نے عمران خان کے قابلِ ضمانت وارنٹ جاری کے ساتھ ضمانتی جمع کرانے کی استدعا کر دی۔
وکیل علی بخاری نے عدالت میں بتایا کہ تعمیلی رپورٹ بنی گالا بھیجی گئی،عمران خان بنی گالا رہتے ہی نہیں،آئندہ رپورٹ زمان پارک بھجیں۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے چیئرمین پی ٹی آئی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے،عدالت نے وارنٹ پر تعمیل کا حکم دے دیا اور وارنٹ کی تعمیل زمان پارک رہائش گاہ کے پتے میں کرانے کی ہدایت کر دی۔ عمران خان کے وکیل نے ان کی آج حاضری سے استثنٰی کی درخواست دائر بھی دائر کی جیسے منظور کر لیا گیا۔
عدالت نے سابق وزیراعظم کو 20 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔ عمران خان کیخلاف کیس کی سماعت 25 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے سیشن عدالت نے خاتون جج دھمکی کیس میں عمران خان کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری میں تبدیل کرنے کا حکم دیا تھا۔ سیشن عدالت میں خاتون جج دھمکی کیس میں عمران خان کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کیخلاف نظر ثانی اپیل پر سماعت ہوئی،ایڈیشنل ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج سکندر خان نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے عمران خان کے نئے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی ہدایت کی اور سابق وزیراعظم کو 20 ہزار کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔