وراثت کے تنازع پر اردن میں باپ بیٹا قتل، جھگڑے میں ملوث متعدد افراد گرفتار

جھگڑے میں ملوث متعدد افراد کو پکڑ لیا گیا، ان سے تحقیقات جاری ہیں،ترجماب پبلک سیکورٹی ڈائریکٹوریٹ

عمان (انٹرنیشنل ڈیسک) اردن میں حکام نے کہاہے کہ وراثت کے دیرینہ تنازع پر دارالحکومت عمان میں ایک شخص اور اس کے بیٹے کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔مقامی میڈیا کے مطابق مشرقی عمان کے علاقے ابو علندا میں الحیت قبیلے میں وراثت کے تنازع پر ہونے والی لڑائی کے دوران چالیس سالہ شخص اور اس کے بیس سالہ بیٹے کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا جب کہ تین افراد زخمی ہوئے ۔
پبلک سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کے میڈیا ترجمان کرنل عامر السرطاوی نے بتایا کہ دارالحکومت عمان کے مشرق میں ابو علندا کے علاقے میں خاندانی جھگڑے کے نتیجے میں چالیس سال کی عمر کے ایک شخص اور اس کے بیٹے کو قتل کیا گیا۔کرنل السرطاوی نے بتایا کہ اس جھگڑے کے نتیجے میں دو افراد گولی لگنے سے ہلاک اور 3 دیگر زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال لے جایا گیا۔
السرطاوی نے بتایا کہ جھگڑے میں ملوث متعدد افراد کو پکڑ لیا گیا، ان سے تحقیقات جاری ہیں۔گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ایک ہی وقت اور مقام پر دارالحکومت عمان کے مشرق میں ابو علندا کے علاقے میں محمد الحیت (ابو فادی)اور ان کے بیٹے مروان کے قتل کی خبریں چل رہی تھیں۔مقتول باپ اور بیٹے کی تصویر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، اہل خانہ اور قریبی افراد کے لیے یہ واقعہ شدید صدمے کا باعث بنا اور پورے علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔
علاقے کے لوگوں نے قاتل کو زیادہ سے زیادہ سزا دینے کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی مقتولین کے خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مقتولین کے پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ قتل کی یہ واردات ان کے لیے بڑے صدمے کا باعث ہے کیونکہ مقتولین ان کے ایک نیک اور اچھے ہمسائے تھے۔