مینار پاکستان پر جلسے سے قبل قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تھریٹ الرٹ جاری

کالعدم تنظیم عمران خان کو مینار پاکستان جلسہ میں نشانہ بنا سکتی ہے،کالعدم تنظیم سیاسی ریلیاں اور زمان پارک کو نشانہ بنا سکتی ہے۔ سی ٹی ڈی نے تھریٹ الرٹ جاری کردیا

لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کا مینار پاکستان پر جلسہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تھریٹ الرٹ جاری کر دیا گیا۔ ہم نیوز کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے مینار پاکستان جلسے سے پہلے سی ٹی ڈی نے تھریٹ الرٹ جاری کردیا۔دہشتگرد دھماکہ خیز مواد کے ساتھ لاہور پہنچ چکے ہیں۔دہشتگرد جلسے جلوس پر تعینات اہلکاروں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔
مینار پاکستان پر پی ٹی آئی کے جلسے قبل جاری تھریٹ الرٹ میں مزید کہا گیا کہ کالعدم تنظیم عمران خان کو مینار پاکستان جلسہ میں نشانہ بنا سکتی ہے۔تھریٹ الرٹ میں مزید کہا گیا کہ کالعدم تنظیم سیاسی ریلیاں اور زمان پارک کو نشانہ بنا سکتی ہے۔آج پی ٹی آئی مینار پاکستان پر سیاسی پاور شو کا مظاہرہ کرے گی۔
آج صبح ہی پاکستان تحریک انصاف کے مینار پاکستان جلسے کے موقع پر جلسہ گاہ جانے والے راستے بند کر دئیے گئے تھے۔

بتایا گیا کہ مینار پاکستان گراؤنڈ جانے والے راستوں کو بڑے کنٹینر لگا کر بند کیا گیا ہے جب کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی کنٹینر لگائے گئے ہیں۔ راوی پل اور ریلوے اسٹیشن سے مینار پاکستان جانے والے راستے بند ہیں جب کہ شاہ عالم مارکیٹ میں بھی کنٹینر لگائے گئے ہیں۔علاوہ ازیں سگیاں پل، انجینئرنگ یونیورسٹی روڈ کے راستے بند ہیں،شاہدرہ راوی ٹول پلازہ، بتی چوک سے مینار پاکستان جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کیا گیا۔
نیازی چوک، دہلی دروازہ اور دو موریہ پل کو بھی بند کر دیا گیا۔ انچارج میٹرووبس کے مطابق جلسے کے باعث میٹرو بس کا روٹ بھی مختصر کیا گیا ہے۔میٹروبس گجومتہ سے ایم اے او کالج تک چلائی جا رہی ہے۔جب کہ شدید بارش کی وجہ سے منتظمین کو جلسے کی تیاریوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔اس سلسلہ میں مرکزی رہنمائوں کو الگ الگ ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں ۔ تحریک انصاف کے ترجمان کے مطابق جلسہ رات 9بجے کے بعد شروع ہوگا جو سحری تک جاری رہے گا ۔ جلسے سے مرکزی رہنما خطابات کریں گے جبکہ پارٹی چیئرمین عمران خان کاسب سے آخر میں کلیدی خطاب ہوگا ۔