عمران خان اس معاشی تباہی کے ذمہ دار صرف اور صرف تم ہو

شکر ہےکہ پاکستان کی جان تم سے چھوٹ گئی، تمہاری کی ہوئی تباہی کو ہم ٹھیک کر رہے ہیں، قوم کو جلد اچھی خبریں ملیں گی۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا ردعمل

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عمران خان اس معاشی تباہی کے ذمہ دار صرف اور صرف تم ہو، شکر ہے کہ پاکستان کی جان تم سے چھوٹ گئی، قوم کو جلد اچھی خبریں ملیں گی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیر اعظم عمران خان کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عمران خان اس معاشی تباہی کے ذمہ دار صرف اور صرف تم ہو۔ تم نے تو پاکستان کو معاشی تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا تھا لیکن اللہ سبحان تعالٰی نے پاکستان کی جان تم سے چھڑوا دی۔
تمہاری کی ہوئی تباہی کو ہم ٹھیک کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ قوم کو جلد اچھی خبریں ملیں گی، انشاءاللہ۔ اس سے قبل وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان مخالف عناصر دیوالیہ ہونے کی افواہیں پھیلا رہے ہیں،ملک دیوالیہ ہونے کی خبریں حقائق کے منافی ہیں۔

اسحاق ڈار نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے اور تمام بیرونی ادائیگیاں وقت پر ادا کی جائیں گی،غیر ملکی کمرشل بینکوں نے پاکستان کو سہولیات دینا شروع کر دی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہمارے مذاکرات مکمل ہونے والے ہیں اور اگلے ہفتے تک آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے پر دستخط کا امکان ہے، تمام معاشی اعشاریے آہستہ آہستہ درست سمت کی طرف جا رہے ہیں۔اسی طرح پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ آپ عدلیہ میں ان کی باقیات کا فائدہ اٹھا رہے اب ایسا نہیں ہونے دیں گے، عمران خان کی آئی ایم ایف کے ساتھ ظالمانہ ڈیل کی خرابی کو ٹھیک کررہی ہے۔
انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ تمہاری بے رحم لوٹ مار، نااہلی، غلط ترجیحات، آئی ایم ایف کے ساتھ ظالمانہ ڈیل اوراس کی خلاف ورزی نے اس ملک کو معاشی بدحالی کی راہ پر ڈال دیا اور ڈھٹائی دیکھو! وہ لوگ جو تمہاری اس گندگی کو ختم کر رہے ہیں تم اپنا گند ان کے سر ڈال رہے ہو! چپ کرکے بیٹھ جاؤ! اوراس تباہی کے لیے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا نہ بھولنا جو تمہیں چار سال تک پالتے رہے، اورعدلیہ میں ان اثر و رسوخ کی باقیات کا بھی جن پر تم اب بھروسہ کر رہے ہو۔
انشاءاللّہ ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے۔ یاد رہے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ڈالر کی روز بروز بڑھتی قیمت پر کہا کہ 11 ماہ میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 110 روپے گرا،ان مہینوں میں روپے کی قدر میں 62 فیصد کمی ہوئی۔پی ڈی ایم کی حکومت میں روپے کا قتل عام جاری ہے۔ سابق وزیر اعظم نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں مزید کہا کہ روپے کی بے قدری کے باعث قرضہ 14 کھرب بڑھ گیا ہے،ملک میں مہنگائی کی شرح 75 سال میں بلند ترین شرح 31 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام حکومت تبدیلی کی بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں،مجرموں کے ٹولے کو ملک پر مسلط کیا گیا۔