عمران خان کی طرح اگر مجھے انصاف ملتا تو ملک ہوا میں اڑ رہا ہوتا : نواز شریف

لندن : ( نیوز ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر مجھے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کی طرح انصاف فراہم کیا جاتا تو پاکستان ترقی کر رہا ہوتا۔

برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر ایک صحافی نے سربراہ مسلم لیگ ( ن) سے سوال کیا کہ جس طرح عمران خان کو عدالت سے انصاف مل رہا ہے، اگر 2017 میں اس کا آدھا بھی آپ کو مل جاتا تو کیا ہوتا؟۔

غیر رسمی گفتگو میں صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ’’ پاکستان ہوا میں اڑ رہا ہوتا ‘‘ ، اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر عمران خان جیسا انصاف مجھے ملتا تو ملک خوشحال ہوتا اور ترقی کرتا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ( ن ) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے بھی پی ٹی آئی چیئرمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان کے ایک ٹوئٹ پر رد عمل میں کہا تھا کہ بے رحمانہ لوٹ مار، نااہلی، غلط ترجیحات، ظالمانہ ڈیل جو آپ نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کے ساتھ کی اور پھر اس کی خلاف ورزی نے ملک کو معاشی بدحالی میں ڈالا، ہم اس کو ختم کر رہے ہیں۔