اگر وزیراعظم نے سپریم کورٹ کا حکم نہ مانا تو وہ بھی گھر جاسکتا ہے

الیکشن کمیشن 5 سے 10 دن انتخابات آگے لے جا سکتا ہے، اس سے زیادہ نگران حکومت کس مینڈیٹ کے ساتھ حکومت میں بیٹھے گی۔ سینئر قانون دان اعتزاز احسن

لاہور (نیوز ڈیسک) سینئر قانون دان اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ اگر وزیراعظم نے سپریم کورٹ کا حکم نہ مانا تو وہ بھی گھر جاسکتا ہے، الیکشن کمیشن 5 سے 10 دن انتخابات آگے لے جا سکتا ہے، اس سے زیادہ نگران حکومت کس مینڈیٹ کے ساتھ حکومت میں بیٹھے گی۔ انہوں نے نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیرقانون اور اٹارنی جنرل اگر وزیراعظم کو باور کروا دیتے ہیں کہ یہ فیصلہ تین چار سے ہے، تو سپریم کورٹ وزیراعظم کو گھر بھیج سکتی ہے، آخری وزیراعظم جس نے حکم نہیں مانا تھا وہ نا اہل ہوا تھا اور اس کو سزا بھی ہوئی تھی اسی طرح شہباز شریف بھی جائے گا۔
مجھے خوف ہے دو جج صاحبان کے خلاف کوئی ریفرنس فائل کر دے گا جو بینچ میں موجود نہیں تھے اور اس میں گنتی کروانا چاہتے ہیں۔
سپریم کورٹ کی ججمنٹ کو ریورس کرانا چاہتے ہیں۔ اگر منصور علی شاہ اور مندوخیل کو بھی اس میں ڈال دیا تو چار ججز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن 5 سے 10 دن انتخابات آگے لے کر جا سکتا ہے یا پھر الیکشن مہم چلانے کے لیے دن کم کئے جاسکتے ہیں۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کی تاریخ کیلئے صدر کو ہدایت جاری کرنے سے متعلق درخواست غیر موثر ہونے پر نمٹا دی۔لاہور ہائیکورٹ میں الیکشن کی تاریخ کیلئے صدر کو ہدایت جاری کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس مزمل اختر شبیر اور جسٹس چودھری محمد اقبال پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے سماعت کی۔ جسٹس چودھری محمد اقبال نے کہا کہ درخواست گزار نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپی پیش کی، سپریم کورٹ نے فیصلے کے پیرا 14 میں صدر کو ہدایت کیں۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد درخواست غیر موثر ہونے کی بنیاد پر نمٹائی جاتی ہے، لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بنچ نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر درخواست نمٹا دی ۔