بھارتی کرکٹر ونود کامبلی پر اہلیہ کو ’تشدد‘ کا نشانہ بنانے کا مقدمہ درج

ممبئی: (سپورٹس ویب ڈیسک) بھارت کے شہر ممبئی میں سابق کرکٹر ونود کامبلی کے خلاف اہلیہ پر تشدد کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ونود کامبلی کے خلاف مقدمہ ممبئی کے باندرا پولیس سٹیشن میں درج کیا گیا، مقدمہ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سابق بھارتی کرکٹر نے شراب کے نشے میں اپنی اہلیہ اینڈریا ہیوٹ پر فرائی پین کے دستے سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ان کے سر پر چوٹ آئی، ونود کامبلی نے اہلیہ پر حملہ 12 سالہ بیٹے کی موجودگی میں کیا۔

کرکٹر کی اہلیہ اینڈریا ہیوٹ نے پولیس کو شکایت درج کروانے سے قبل ہسپتال سے طبی معائنہ بھی کروایا، رپورٹ میں اینڈریا ہیوٹ کا کہنا ہے کہ سمجھانے کے باوجود بھی ونود کامبلی نے مجھ سے اور میرے بیٹے سے بدتمیزی کی، وہ ہماری طرف لپکے، فرائی پین کے دستے سے تشدد کرنے کے بعد کرکٹ بیٹ لے کر آئے۔

ونود کامبلی کے خلاف مقدمہ دفعہ 324 اور 504 کے تحت درج کیا گیا، وہ 1991 سے لے کر 2000 تک بھارتی ٹیم کا حصہ رہے، انہوں نے 104 ون ڈے میچوں میں 2 ہزار 477 رنز جبکہ 17 ٹیسٹ میچوں میں 1 ہزار 84 رنز بنائے تھے۔