پشاور میں مارے جانیوالے دہشتگردوں کے اہم وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف

پولیس اور سی ٹی ڈی کے مقابلے میں مارے جانے والے دونوں دہشت گرد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث نکلے، ایک ہلاک دہشتگرد کا تعلق خیبر اور دوسرے کا مہمند سے ہے

پشاور (کرائم ڈیسک) پشاور میں مارے جانیوالے دہشتگردوں کے اہم وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس اور سی ٹی ڈی کے مقابلے میں مارے جانے والے دونوں دہشت گرد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے، ایک ہلاک دہشتگرد کا تعلق خیبر اور دوسرے کا مہمند سے ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے برآمد ہونے والے موبائل سے اہم معلومات ملی ہیں جن کی مدد گرفتاریاں متوقع ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد منہاج کا تعلق غازی فورسز سے تھا جو لوگوں کو ذبح کرتا تھا اور خیبر میں دہشت گردی کی وارداتوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ اس کے علاوہ ہلاک دہشت گرد چرچ حملہ ،ہارون بلور،ایڈیشنل آئی جی اشرف نورکو ٹارگٹ کرنے میں بھی ملوث تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس بنوں میں سی ٹی ڈی کے کمپاؤنڈ میں فائرنگ کے تبادلے میں 25 دہشت گرد مارے گئے تھے،7 نے سرنڈر کیا تھا جبکہ 3 فرار ہوتے ہوئے گرفتار ہوئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر حملہ کرنے والےدہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ 18 دسمبر کو بنوں میں سی ٹی ڈی کمپلیکس میں زیر تفتیش 35 دہشگرد موجود تھے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر باہرسے کوئی حملہ نہیں ہوا، سی ٹی ڈی کی تحویل میں ہی دہشتگروں نے یہ صورت حال پیدا کی،زیرتفتیش دہشت گردوں میں سے ایک نے سی ٹی ڈی جوان کا ہتھیار چھین کر فائرنگ کی تھی،دہشت گرد افغانستان جانے کے لیے محفوظ راستہ مانگ رہے تھے،فرارکی کوشش ناکام بنادی گئی۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ بنوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 25 دہشت گرد مارے گئے 7 نے سرنڈر کیا جبکہ 3 فرار ہوتے ہوئے گرفتار ہوئے، اس کے علاوہ آپریشن میں پاک فوج کا ایک صوبیدار اور 2 سپاہی شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے مطالبے کو رد کردیا گیا،شہدا کی عظیم قربانیاں ہمارے عزم کو بڑھاتی ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ مغربی سرحد سے دہشت گردی کی جوتازہ لہر ہے اسے ابھرنے نہیں دیا جائے گا، جو ہمارے خلاف آئے گا اس کا سر کچل دیں گے۔ اس کے علاوہ میجر جنرل احمد شریف نے تحریک طالبان پاکستان سے متعلق پالیسی بھی دوٹوک انداز سے واضح کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کے جتھے یا دہشت گرد گروہ کو پنپنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، حکومت کی رٹ ہرصورت قائم کی جائے گی۔