کراچی : چوری کی انوکھی واردات ، چور بچوں کے ڈائپر چرا کر فرار

کراچی : (کرائم ویب ڈیسک ) شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز کی آئے روز نت نئی انوکھی وارداتیں معمول بن گئیں ہیں ۔ پولیس ذرائع کے مطابق کراچی سینٹرل کے فیڈرل بی ایریا بلاک 9 دستگیر کے علاقے میں ایک ایسی واردات رپورٹ ہوئی ہے جہاں ڈائپر شاپ سے ایک ملزم بچوں کے ڈائپر کی بوری لے کر فرار ہوگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق دکاندار کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایک موٹر سائیکل سوار ملزم ڈائپر شاپ پر گاہک بن کر آیا اور کچھ وقت دکان کے باہر کھڑے ہو کر موقع کا انتظار کرتا رہا ، جوں ہی دکاندار کی توجہ دوسرے گاہک کی طرف ہوئی تو موٹر سائیکل سوار دکان کے باہر رکھی ہوئی ڈائپر کی بوری اٹھا کر بھاگ نکلا۔

پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔ خیال رہے کہ کچھ روز قبل وزیراعلٰی سندھ کیجانب سے کراچی میں بڑھتے اسٹریٹ کرائمز کا نوٹس بھی لیا گیا تھا۔