الیکشن کمیشن نے سینیٹ نشست پر اسحاق ڈار کو اہل قرار دے دیا

وزیر خزانہ کیخلاف حلف نہ اٹھانے پر نااہلی کی کارروائی ختم کر دی گئی،الیکشن کمیشن نے شہزاد وسیم کی درخواست مسترد کر دی

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن نے سینیٹ نشست پر اسحاق ڈار کو اہل قرار دے دیا اور سینیٹ نشست کو خالی قرار دینے کی درخواست خارج کر دی۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف حلف نہ اٹھانے پر سینیٹ نشست پر نااہلی کی کارروائی ختم کر دی،الیکشن کمیشن نے اسحاق ڈار کیخلاف شہزاد وسیم کی درخواست مسترد کر دی اور سینیٹ نشست پر ان کو اہل قرار دے دیا۔
اسحاق ڈار سے متعلق فیصلہ 26 ستمبر 2022 کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اثاثوں کی ضبطگی ختم اور بینک اکاؤنٹس بھی بحال ہو گئے،دو روز قبل احتساب عدالت نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے تمام بینک اکاؤنٹس اور اثاثے بحال کر دئیے جس کا تحریری فیصلہ بھی جاری کیا۔
تحریری فیصلے میں قرار دیا گیا کہ احتساب عدالت نے اثاثے ضبط کرنے کا 2017 کا حکم واپس لے لیا،اسحاق ڈار کے اثاثے اشتہاری ہونے پر ضبط کیے گئے تھے،اسحاق ڈار سرنڈر کر چکے اور ٹرائل دائرہ اختیار ختم ہونے پر ختم ہو چکا۔

احتساب عدالت نے تحریری فیصلے میں قرار دیا کہ پراسیکیوٹر نے بھی کہا عدالت قانون کے مطابق مناسب آرڈر جاری کرے،اسحاق ڈار کے اثاثوں کی ضبطگی کا آرڈر واپس لیا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ احتساب عدالت نے 11 دسمبر 2017 کو اثاثہ جات ریفرنس میں اسحاق ڈارکے اثاثوں کی ضبطگی کاحکم دیا تھا جبکہ اسحاق ڈارکے اشتہاری ہونے پربینک اکاؤنٹس اور لاہور کا گھر بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔
یہ بھی خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ضلعی انتظامیہ لاہور نے اسحاق ڈار کے منجمد اثاثے بحال کئے،گلبرگ تھری گھر کی سپرداری کرائی گئی،نیب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے منجمد اثاثے بحال کئے گئے،اسحاق ڈار کی 7 ایچ گلبرگ تھری ہجویری ہاؤس کی سپرداری کروائی گئی۔وفاقی وزیر خزانہ کے بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کا مراسلہ بھی بینک انتظامیہ کو جاری کیا گیا،ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسحاق ڈار کے بینک اکاؤنٹس کی بحالی کا مراسلہ نیب کی ہدایت پر بھیجا ۔