ملک میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر 30.60 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی

ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.09 فیصد اضافہ ہوا، آٹا، چاول، مرغی، پیاز، دالوں سمیت 23 اشیاء مہنگی ہوگئیں۔ ادارہ شماریات کی ہفتہ وارمہنگائی پر رپورٹ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر 30.60 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے، ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.09 فیصد اضافہ ہوا، آٹا، چاول، مرغی، پیاز، دالوں سمیت 23 اشیاء مہنگی ہوگئیں۔

ادارہ شماریات کی ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.09 فیصد اضافہ ہوا۔ جس کے باعث ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی شرح 30.60 فیصد ریکارڈ کی گئی، ایک ہفتے میں 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 9 اشیا سستی ہوئیں اور 19 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں مرغی کی فی کلو قیمت میں 53 روپے کا اضافہ، ٹوٹا چاول کی فی کلو قیمت میں 6 روپے کا اضافہ ہوا، 20 کلو آٹے کا تھیلا 79 روپے مہنگا ہو، رواں ہفتے پیاز کی قیمت میں 6 روپے کا اضافہ ہوا، دال مونگ، ماش 3 اوردال چنے فی کلو 2 روپے مہنگی ہوئیں، اسی طرح نمک، تازہ دودھ اور دہی کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔
دوسری جانب نیوزایجنسی کے مطابق کراچی سے خیبر تک آٹے کی قیمتیں آؤٹ آف کنٹرول ہوگئی ہیں، جس سے روٹی بھی عوام کی پہنچ سے دور ہونے لگی ہے۔

لاہور میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 150 روپے مزید مہنگا ہوگیا جس کے بعد پندرہ کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2050 روپے ہوگئی ہے، 2 ہفتے میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 300 روپے تک مہنگا ہوچکا ہے۔ ادھر پشاور میں 20 کلو فائن آٹے کا تھیلا 2800 روپے سے بڑھ کر 3100 میں فروخت ہورہا ہے اور 20 کلو مکس آٹیکے تھیلے کی قیمت 2700 روپے سے بڑھ کر 3 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ حیدرآباد میں بھی آٹا 160روپے کلو ہوگیا جس کے باعث سستے آٹے کے لیے شہریوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔