زیمبیا میں سڑک کنارے 27 افراد کی لاشیں برآمد

لُساکا: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) افریقی ملک زیمبیا میں سڑک کنارے 27 افراد کی لاشیں برآمد، شبہ ہے کہ تمام افراد کی موت بھوک اور کمزوری سے ہوئی ہے۔

زیمبین پولیس کے مطابق دارالحکومت کے قریبی علاقے میں ایک زرعی اراضی میں سڑک کنارے 27 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن سے متعلق خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ ایتھوپیائی شہری ہیں۔ ایتھوپیائی مہاجرین جنوبی افریقہ سمیت کسی دوسرے ملک ہجرت کرنے کے لئے اکثر زیمبیا کا راستہ اختیار کرتے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کے قریب ایک زندہ شخص بھی موجود تھا جسے فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم اس کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ ہلاک شدگان سب کے سب مرد ہیں اور ان کی عمر 20 سے 38 سال کے درمیان ہے۔ شبہ ہے کہ تمام افراد کی موت بھوک اور کمزوری کی وجہ سے ہوئی ہے۔