ملتان ٹیسٹ میں شکست، بابر الیون نے 63 سال پرانا ناپسندیدہ ریکارڈ برابر کردیا

یہ پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں محض دوسرا موقع ہے جب اسے مسلسل 3 ہوم ٹیسٹ میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک ) بابر الیون نے انگلینڈ کیخلاف ملتان ٹیسٹ میں شکست کے بعد 63 سال پرانا ناپسندیدہ ریکارڈ برابر کردیا ہے۔ قومی ٹیم کو انگلینڈ کیخلاف راولپنڈی ٹیسٹ کے بعد ملتان میں بھی سنسنی خیز مقابلے کے بعد 26 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ، اس سے قبل آسٹریلیا نے رواں سال مارچ میں قومی ٹیم کو لاہور ٹیسٹ میں شکست سے دوچار کیا تھا ۔

یہ پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں محض دوسرا موقع ہے جب اسے مسلسل 3 ہوم ٹیسٹ میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سے قبل 1959ء میں قومی ٹیم کو پہلے لاہور ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کیخلاف شکست ہوئی اور پھر آسٹریلیا نے اسے پہلے ڈھاکہ ٹیسٹ اور پھر لاہور ٹیسٹ میں شکست سے دوچار کیا ۔ اس کے علاوہ قومی ٹیم کو 17-2016ء میں پہلے ویسٹ انڈیز نے متحدہ عرب امارات میں شارجہ ٹیسٹ میں شکست دی تھی اور پھر سری لنکا نے ابوظہبی اور دبئی ٹیسٹ میں مات دی تھی ۔