ایف آئی اے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے خلاف کرمنل انویسٹی گیشن شروع کرے گی

فیڈریشن کی کارکردگی کا آڈٹ کرنے کیلئے ہائی پروفائل کمیٹی کا ڈی جی پی ایس بی کو اولمپیئنز صلاح الدین صدیقی، اختر رسول، شہناز شیخ ، خواجہ جنید پر مشتمل کمیٹی بنانیکا حکم

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے کام میں سنگین بے ضابطگیوں کے حوالے سے فوجداری تحقیقات شروع کرنے کے لیے ریفرنس فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو بھیج دیا گیا ہے۔ ’پرو پاکستانی‘ ویب سائٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ہاکی فیڈریشن میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے مبینہ طور پر ہائی پروفائل کمیٹی بنانے کا حکم دے دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کمیٹی نے پی ایچ ایف کے آپریشنز میں سنگین بے ضابطگیاں دریافت کیں اور معاملے کی مجرمانہ تحقیقات شروع کرنے کے لیے ایف آئی اے کو ریفرنس بھیج دیا۔ میٹنگ کے منٹس میں نوٹ کیا گیا کہ “پی ایچ ایف کے کام میں سنگین بے ضابطگیوں کی اطلاع دی گئی ہے لہذا مجرمانہ انکوائری/ تفتیش شروع کرنے کے لیے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔

کمیٹی اجلاس کے منٹس میں مزید بتایا گیا کہ کنوینر خواجہ آصف نے وزیر برائے آئی پی سی کی مخالفت کے باوجود کیس کو مزید تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کو بھیجنے پر رضامندی ظاہر کی۔ کمیٹی نے ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی کو اولمپیئنز صلاح الدین صدیقی، اختر رسول، شہناز شیخ اور خواجہ جنید پر مشتمل کمیٹی بنانے کا حکم بھی دیا تاکہ فیڈریشن کی کارکردگی کا آڈٹ کیا جاسکے۔ یہ بھی تجویز کیا گیا کہ 27 اگست 2015ء سے 14 مئی 2022ء کے درمیان وفاقی آڈٹ کے ذریعے بین الصوبائی رابطہ کی وزارت کے ذریعے خصوصی آڈٹ کرایا جائے۔