میں چاہتا ہوں کہ بھارت فائنل میں پہنچے اور ہم سے پھینٹی کھائے

بھارت کے ساتھ دوبارہ میچ ہونا ضروری ہے، انہیں تسلی کرانی ہے، شعیب اختر کی خواہش

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) شعیب اختر کا کہنا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ بھارت فائنل میں پہنچے اور ہم سے پھینٹی کھائے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں بھارت کا جیتنا مشکل ہے، لیکن اگر بھارت جیت بھی گیا تو فائنل کیلئے دباو پاکستان کی بجائے بھارت پر ہی ہو گی۔
شعیب اختر نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ بھارت فائنل میں پہنچے اور ہم سے پھینٹی کھائے، بھارت کے ساتھ دوبارہ میچ ہونا ضروری ہے، انہیں تسلی کرانی ہے، پہلے میچ میں جو بھی ہوا لیکن اب فائنل کیلئے میلبورن میں اچھی وکٹ بنائی جائے گی۔ اس سے قبل اپنے ایک بیان میں سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ اس سال ٹورنامنٹ میں 1992 کے میگا ایونٹ کی تاریخ خود کو دہرا رہی ہے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم 1992، 1999 اور 2022 میں سیمی فائنل ہاری ۔ ان سے کچھ غلطیاں ہوئیں جس کی وجہ سے کیویز کو نقصان اٹھانا پڑا۔ اس شاندار کامیابی پر میں پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ زمبابوے سے پاکستان کی شکست کے بعد کبھی نہیں لگا کہ پاکستانی ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لے گی، لیکن یہ پاکستانی قوم کی دعائیں ہیں کہ پاکستان کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی ہے، نیدرلینڈز نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر گرین شرٹس کے لیے سیمی فائنل تک رسائی کی راہ ہموار کی۔
سابق اسپیڈ سٹار نے کہا کہ بطور ملک اور بحیثیت قوم ہمیں واپسی کی عادت ہے، پاکستانی ٹیم نے دکھایا ہے کہ کھلاڑی اور پوری قوم کیا صلاحیت رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹاس کے بعد جب نیوزی لینڈ بیٹنگ کے لیے آیا تو وہ گیند کو مارنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن وہ بلے پر نہیں آ رہی تھی، پاکستانی کپتان بابر اعظم، رضوان ،محمد حارث اور باؤلنگ اٹیک نے جیت میں اہم کردار ادا کیا، پاکستان کے لیے بہت خوش ہوں کیونکہ یہ فائنل میں کہیں سے باہر نہیں آیا۔
واضح رہے کہ سڈنی میں بدھ کے روز کھیلے گئے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے ٹورنامنٹ میں اب تک سب سے بہترین کھیل پیش کرنے والی نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل کیلئے کوالی فائی کر لیا۔ پاکستان نے 14 سال بعد ورلڈکپ کے فائنل کیلئے کوالی فائی کیا ہے، قومی ٹیم نے آخری مرتبہ 2009 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل کھیلا تھا۔ جبکہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم 30 سال بعد آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے کسی بھی ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ پاکستانی ٹیم اب اتوار کے روز بھارت اور انگلینڈ کے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ٹکرائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں