میاں صاحب لفظوں کا ہیر پھیر بند کر دیں،مونس الٰہی

پنجاب حکومت نے پرائیویٹ سیکٹر سے گندم نہیں منگوانی بلکہ ہمیں دو وفاقی اداروں کے ذریعے گندم دیں،رہنما مسلم لیگ ق

لاہور (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الٰہی نے وزیر اعظم شہباز شریف کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔انہوں نے کہا ہے کہ میاں صاحب لفظوں کا ہیر پھیر بند کریں۔پنجاب حکومت نے پرائیویٹ سیکٹر سے گندم نہیں منگوانی بلکہ ہم کہہ رہے ہیں کہ آپ دو وفاقی اداروں پاسکو یا ٹی سی پی کے ذریعے ہمیں ایک لاکھ ٹن گندم دیں۔
مونس الٰہی کا سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہنا تھا کہ اس گندم کے پیسے بھی حکومت پنجاب نے دینے ہیں،مہربانی کر کے ڈرامہ بند کریں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈی نیشن سینٹر میں اجلاس سے خطاب میں کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا گندم کی نئی فصل کے بیج پر سیاست نہ کریں۔
فصل کی بوائی کے لیے وفاقی حکومت نے صوبوں کیساتھ مل کر منصوبہ بنایا کہ ففٹی ففٹی کی بنیاد پر گندم کا بیج تقسیم کریں گے۔آدھے اضلاع میں صوبہ اور آدھے میں وفاق دے گا۔ انکا کہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان نے بیج لینے پر رضامندی ظاہر کی مگر پنجاب اور خیبر پختونخوا نے گزارش کے باوجود بیج لینے سے انکار کیا،آج پھر درخواست کررہا ہوں کہ بیج لیں،ہمیں اس پر سیاست سے پرہیز کرنا چاہیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اگر کے پی اور پنجاب بیج نہیں لینا چاہتے تو آپ کی مرضی ہے لیکن یہ مت کہیں کہ وفاق کچھ نہیں کر رہا،حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش نہ کریں،قوم کو الجھن میں ڈالیں گے تو نقصان ہوگا،یہ کہا جارہا ہے کہ وفاقی حکومت نجی شعبے کو درآمد کی اجازت نہیں دے رہی،میں کسی کو درآمد کی اجازت نہیں دوں گا کہ کوئی اپنی مرضی کی قیمت پر درآمد کرلے۔ وزیر اعظم کا شہباز شریف کا کہنا تھا کہ زرمبادلہ کے ذخائر بہت کم ہیں،ایمرجنسی حالات میں ایک ڈالر بھی فضول خرچ کرنے کے متحمل نہیں ہیں۔سیلاب متاثرین میں 68 ارب روپے تقسیم ہوچکے ہیں،ہمیں سیاست سے پرپیز کرنا چاہئے۔سیلاب پر کوئی سیاست نہیں کرنی چاہیے،سندھ،بلوچستان اور خیبرپختونخواکے تمام متاثرہ خاندانوں کو رقم پہنچے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں