لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کور کمانڈر کوئٹہ تعینات کر دیے گئے

سابق ڈی جی آئی ایس پی آر کو لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کی شہادت کے بعد کمانڈر 12 کور تعینات کرنے کا فیصلہ: آئی ایس پی آر اعلامیہ

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کور کمانڈر کوئٹہ تعینات کر دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے اہم اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے اعلامیہ کے مطابق سابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو نیا کور کمانڈر کوئٹہ تعینات کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کچھ روز قبل لسبیلہ میں پیش آئے افسوسناک حادثے میں شہید ہونے والے سابق کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کی شہادت کے بعد لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو کمانڈر 12 کور تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہاں واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور ماضی میں 3 سال کے عرصے کیلئے ڈی جی آئی ایس پی آر کے عہدے پر تعینات رہے تھے، وہ اِس عہدے پر 15 دسمبر 2016ء سے 16 جنوری 2020ء تک فائز رہے۔

بعد ازاں انہیں 2020 میں جی او سی اوکاڑہ کے عہدے پر ترقی دے دی گئی تھی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے عہدے پر رہنے کے بعد انہیں تھری اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی ملی تھی۔ نومبر 2020ء کو پاکستان آرمی میں 6 میجر جنرل نے لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پائی تھی، ان میں لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور بھی شامل تھے۔

لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور بطور آئی جی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی بھی تعینات رہے۔ نئے کور کمانڈر کوئٹہ کے کیرئیر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور1988 میں ملٹری اکیڈمی کاکول ایبٹ آباد سے پاس آوٹ ہوئے تھے، جس کے بعد انہوں نے ناصرف کارگل جنگ میں حصہ لیا بلکہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بھی فرنٹ لائن پر فرائض انجام دیے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں