کوئی مائنس ون نہیں ہوگا قوم کو صرف عمران خان چاہیے

سپریم کورٹ میں ان کا کیس نیست ونابود ہونا ہے، 30اگست سے معاملات بگڑتے دیکھ رہا ہے۔سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشیدکی گفتگو

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مائنس ون کوئی نہیں ہوگا قوم کو صرف عمران خان چاہیے، سپریم کورٹ میں ان کا کیس نیست ونابود ہونا ہے، 30اگست سے معاملات بگڑتے دیکھ رہا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان نے 25مئی کو اپنی احتجاج کی کال ختم نہ کرتا تو یہاں خون بہتا، رانا ثناء اللہ نے ریڈزون کو بلڈوزون میں تبدیل کیا تو معاملات بہت بگڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ان کا کیس نیست ونابود ہونا ہے،مولانا فضل الرحمان ٹی ٹی پی کی زبان استعمال کررہے ہیں، مائنس ون کوئی نہیں ہے قوم کو عمران خان چاہیے۔انہوں نے کہا کہ گواہی دینے کو تیار ہوں کہ نوازشریف نے اسامہ بن لادن سے مال لیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پورے ملک میں گھوم رہے ہیں ان کو کوئی خوف نہیں ہے، 30اگست سے معاملات بگڑتے دیکھ رہا ہے، یہ لوگ 4مہینے میں آئی ایم ایف سے قرض نہیں لے سکے۔

اسی طرح پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ رانا ثنااللہ اپنے آپ کو گل کان نہ کریں تحریک انصاف کے احتجاج ہمیشہ پر امن رہے ہیں اور پرامن رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے احتجاج میں خواتین، بچے اور فیملیز شرکت کرتی ہیں یہ کوئی نون لیگ کا احتجاج نہیں ہے جس میں کرائے کے لوگ آئیں جن میں کریمنلز بھی شامل ہوں۔
یاد رہے وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایف نائن پارک جہاں پہلے احتجاج کرتے رہے ہیں وہاں تمام سکیورٹی فراہم کی جائے گی، ریڈ زون میں داخلے کی قطعی اجازت نہیں دی جائے گی، اگر کسی نے زبردستی داخل ہونے کی اجازت کی تو پھرکل کو گلہ نہ کرنا کہ ہمارے اوپر بڑا ظلم کیا گیا، آنسو گیس پر ہی آپ کہتے ہیں کہ ہم پر بڑا ظلم کیا گیا ہے،ان کو معلوم ہی نہیں سیاسی جماعتوں نے کس طرح ظلم وجبر کا سامنا کیا ہے۔
پرامن احتجاج جمہوری معاشرے میں سب کا حق ہے، پرامن احتجاج کیلئے جو جگہیں مختص ہیں وہاں احتجاج کریں وہاں تمام سہولیات دی جائیں گی۔ لیکن ریڈزون یا الیکشن کمیشن آفس کے سامنے احتجاج کیا گیا تو اس کی اجازت نہیں ہوگی، پھر سختی سے نمٹا جائے گا۔ پھر ظلم وبربریت کی کہانیاں نہ بنانا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان فارن ایجنٹ ثابت ہوچکے ہیں، اس نے بیرونی پیسے سے پاکستان کی سیاست کو گند کرنے، نفرت کے بیج بونے، اخلاقیات کو تباہ کردیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں