اجرت نہ دینے پر ورکروں کا رنبیر کپور کی فلم کے سیٹ پر حملہ

ممبئی کے علاقے گڑ گاؤں میں سوا کروڑ روپے کی عدم ادائیگی پر ورکروں نے زیر تکمیل’ لو رنجن‘ کے سیٹ پر چڑھائی کردی۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق آج دوپہر 350 سے زائد ورکروں نے رنیبر کپور اور شردھا کپور کی فلم کے سیٹ پر اس وقت حملہ کردیا جب وہاں فلم کی شوٹنگ جاری تھی۔
سیٹ پر حملہ کرنے والے ورکروں کا کہنا تھا کہ انہوں نے گزشتہ سال اکتوبر میں فلم کے ایک گانے میں کام کیا تھا تاہم پروڈیوسر کی جانب سے ان کے سوا کروڑ روپے کے واجبات تاحال ادا نہیں کی گئے اور انہیں پیسوں کےلیے گزشتہ چھے ماہ سے ٹرخایا جا رہا ہے۔
میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس سیٹ پر حملہ کرنے والے افراد کو گرفتار کرکے تھانے لے گئی۔ تاہم ان کی ایسوسی ایشن کی مداخلت پر تمام افراد کو رہا کردیا گیا ہے۔
فلم کے پروڈیوسر دیبنکر داس گبپتا نے میڈیا کو بتایا کہ سیٹ پر حملہ کرنے میں ایک نجی کمپنی ہائپر لنک کے جے شنکر اور گوتم ملوث ہیں۔
اس بارے میں ان کا کہنا ہے کہ میں نے ہائپر لنک نامی کمپنی کے جے شنکر اور گوتم کے ساتھ معاہدہ کیا تھا لیکن ان دونوں افراد نے مذکورہ پراجیکٹ کو میرے علم میں لائے بنا ہی آگے کسی اور کو آؤٹ سورس کردیا۔
بعد میں انہوں نے مجھے کہا کہ ان کے بجٹ میں ایک کروڑ 22 لاکھ روپے اضافہ ہوگیا ہے۔ لہذا اس کی بھی ادائیگی کی جائے۔
سوچنے کی بات یہ ہے کہ آپ کا بجٹ سوا کروڑ اضافی ہوگیاہو اور جس کے ساتھ معاہدہ کیا ہے اسے اس بات کا بتایا ہی نہیں جائے؟ لہذا ان کا مزید پیسوں کی ادائیگی کا مطالبہ غیر منطقی اور بے بنیاد ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں