وزیراعظم جا رہا ہے اور نہ ہی وزیراعلیٰ جا رہا ہے، فیصل واوڈا

172 کی بجائے 182 ارکان بھی ووٹ دے دیں تو بھی وزیراعظم کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، اب دیکھو! عمران خان تمہارے ساتھ کیا کرتا ہے، تمہارا مستقبل ہاتھ میں زنجیریں ہیں۔ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء کا ٹویٹ

اسلام آباد (نیوز ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ وزیراعظم جا رہا ہے اور نہ ہی وزیراعلیٰ جا رہا ہے، 172 کی بجائے182 ارکان بھی ووٹ دے دیں تو بھی وزیراعظم کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، اب دیکھو! عمران خان تمہارے ساتھ کیا کرتا ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ اب دیکھو! عمران خان تمہارے ساتھ کیا کرتا ہے، نہ وزیراعظم جا رہا ہے نہ وزیراعلیٰ جا رہا ہے۔
172 کی بجائے 182 ووٹ بھی دے دیں تو وزیراعظم کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے! انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نامی ڈاکووں کے گلدستے کا مستقبل ہوا میں اور ہاتھوں میں زنجیریں ہی ہوں گی۔ اب دیکھو عمران خان کیا کرتا ہے تمہارے ساتھ! دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ انشااللہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ آزادی چوک اسلام آباد میں 27 مارچ بروز اتوار کو ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 27 مارچ کے بعد ہوگی۔ نیوز ایجنسی کے مطابق اس سے قبل وزیراعظم کی زیرصدارت پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں قومی اسمبلی کا اجلاس بلائے جانے پر مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کور کمیٹی کے اجلاس میں اسد عمر نے اتحادی جماعتوں سے رابطوں اور مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے قانونی نکات پر بریفنگ دی جب کہ صوبائی صدور نے پارٹی کے تنظیمی معاملات سے آگاہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ کور کمیٹی نے عدم اعتماد سے متعلق تمام فیصلوں کا اختیار وزیراعظم کو دے دیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اتحادیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اتحادی کہیں نہیں جارہے،ہمارے ساتھ ہیں اور ہماری تمام تیاریاں مکمل ہیں، عدم اعتماد سے کوئی پریشانی نہیں،صورتحال اطمینان بخش ہے۔ذرائع کے مطابق کور کمیٹی میں اتفاق کیا گیا کہ ڈی چوک پر ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا ،پی ٹی آئی نے جارحانہ پالیسی جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ذرائع کے مطابق کور کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں سیاسی جلسے جاری رکھے جائیں گے جب کہ ملک کے مزید شہروں میں جلسے کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں