دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونے والا ہے‘ ایک ہی بار 3 وکٹیں گرا دوں گا ، وزیراعظم

آج میرا مقابلہ تین ڈاکوؤں سے ہے‘ کیا یہ ڈاکوؤں کا گلدستہ ملک ٹھیک کرے گا ؟ نیوٹرل تو جانور ہوتا ہے‘ ایک ان سوئنگ یارکر سے تینوں کی وکٹیں اڑاؤں گا ۔ عمران خان کا دیر میں عوامی جلسہ سے خطاب

لوئر دیر ( نیوز ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونے والا ہے‘ ایک ہی بار 3 وکٹیں گرا دوں گا ، ڈی چوک اسلام آبا د میں عوام کا سمندر ہوگا ۔ تفصیلات کے مطابق دیر میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شکر ہے کہ ان لوگوں نے عدم اعتماد پر مجھے ردعمل کا موقع دیا ، کیا ملک کی سب سے بڑی بیماری آصف زرداری اداروں کو ٹھیک کریں گے؟ کیا شہبازشریف ملکی اداروں کو ٹھیک کریں گے ؟ کیا یہ ڈاکووں کا گلدستہ ملک ٹھیک کرے گا؟ لوگ مجھے یہ بھی کہتے ہیں نواز شریف کو بھگوڑا مت کہیں ، یہ بھگوڑا بھی ہے اور جھوٹا بھی ہے ، نوازشریف نے کھٹمنڈو میں مودی سے خفیہ ملاقات کی ، نوازشریف امریکی صدر کے ساتھ بیٹھے تھے اور ان کی کانپیں ٹانگ رہی تھیں ، بلاول بچے کی کیا بات کروں ، جو اتنا پیسہ خرچ کرکے اسلام آباد آیا، زبردستی لیڈر بنانے میں ایسے ہی مسائل ہوتے ہیں ، وزیراعظم نے کہا کہ آرمی چیف سے بات ہورہی تھی ، انہوں نے کہا مولانا فضل الرحمان کوڈیزل نہ کہنا ، میں نے آرمی چیف سےکہا عوام نے فضل الرحمان کا نام ڈیزل رکھا ہے ، ڈیز ل نے ایک پریس کانفرنس کی اور کہا کہ اقتدار میں آکر ہم اداروں کو ٹھیک کریں گے ، ڈیزل بتائیں آپ ملک میں اداروں کو کیسے ٹھیک کریں گے ؟ ڈیزل سے کہتا ہوں آج اگر یہ ملک بچا ہوا اس کی وجہ افواج پاکستان ہے ، جس ملک کے پاس دفاعی طاقت نہیں ہوتی وہ تباہ ہوجاتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ دیر کے لوگوں کا مشکور ہوں ، پاکستان فلسفے کی بنیاد پرقائم ہوا ، پاکستان کا فلسفہ سمجھنے کا بھی ایک مقصد ہے ، پاکستان کے فلسفے کے مطابق اللہ کے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکنا ، اللہ نے حکم دیا کہ رسول ﷺ کی سنت پر عمل کریں ، 25 سال پہلے یہ سوچ کر جدوجہد شروع کی کہ اپنے لوگوں کو کسی کے سامنے سر جھکانے نہیں دوں گا ، تین لوگوں کی وجہ سے پاکستان کے پاسپورٹ کی عزت نہیں ، تین لوگوں نے ملک کو مقروض بنایا ، نوازشریف اور زرداری نے اقتدار میں ڈرون حملوں کی مذمت نہیں کی ، ڈرون حملوں کی مذمت تحریک انصاف کررہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے اپنے دور اقتدار میں مودی کے خلاف ایک بات بھی نہیں کی ، تین لوگوں نے ملک کو کمزور کیا ،یہ دنیا کے سامنے جھکے ، میں بطور ملک کا سربراہ باپ کی طرح ہوں ، قوم کی تربیت میری ذمہ داری ہے ، اسلام آباد میں جے یو آئی رضا کاروں نے جو کیا اس کی مذمت کرتا ہوں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں