انورمقصود کا تھیٹر پلے’ساڑھے چودہ اگست‘منعقد کرنےکا اعلان

معروف مزاح نگار و دانشور انور مقصود کا تھیٹر پلے ”ساڑھے چودہ اگست“منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔
کراچی (شوبز ڈیسک) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور کاپی کیٹس کے مشترکہ تعاون سے معروف مزاح نگار و دانشور انور مقصود کے تھیٹر پلے ”ساڑھے چودہ اگست“ سے متعلق پریس کانفرنس آڈیٹوریم IIمیں منعقد کی گئی۔

اس موقع پر معروف مزاح نگار و دانشور انور مقصود نے کہا کہ دو ہزار گیارہ میں ہم نے پونے چودہ اگست کیا، لوگوں نے کہا کہ چودہ اگست کیوں نہیں، میں نے کہا کہ جس دن چودہ اگست ہوگی تب اعلان
کر دیں گے، تین سال بعد سوا چودہ اگست لکھا یہ اسی سلسلے کی آخری کڑی ساڑھے چودہ اگست ہے۔

تھیٹر پلے کی کہانی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انور مقصود نے کہاکہ اس کھیل میں ایک شخص نے قائداعظم اور گاندھی پر مقدمہ دائر کیا ہے کہ تقسیم کے بجائے اگر یہ ایک ہی ریاست رہتی تو کتنا اچھا ہوتا۔ پلے میں یہی پیغام دیا جائے گا کہ کیا قائد ٹھیک تھے یا گاندھی۔
انہوں نے بتایا کہ آپ عید کے بعد آرٹس کونسل کراچی میں یہ کھیل دیکھ سکیں گے، داور محمود بہت اچھے ہدایت کار ہیں، میری شرط ہے کہ میرا کوئی فقرہ یا جملہ تبدیل نہیں ہوگا، میرا دل کہہ رہا ہے کہ یہ کھیل آپ سب کو اچھا لگے گا۔
اس حوالے سے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ انور مقصود کی شرط ہوتی ہے کہ آرٹس کونسل ہوگا تو وہ آئیں گے، آرٹس کونسل ثقافتی سرگرمیوں کو سپورٹ کرتا آرہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس تھیٹر سے ہونے والی تمام آمدنی سو فیصد فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال ہوگی، مجھے یقین ہے کہ گزشتہ تھیٹرز کی طرح ”ساڑھے چودہ اگست“ بھی سپر ہٹ رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں