گجرات میں نشے کی خاطر بھائی نے بھائی کو قتل کردیا

نشہ نہ ملنے کی تڑپ نے بڑے بھائی کو اس قدر جنونی بنادیا کہ اس نے فائرنگ کر دی

گجرات (کرائم ڈیسک) : صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں نشے کی لت میں مبتلا بھائیوں جھگڑا ہوا جس میں ایک بھائی نے دوسرے کو قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں نشے کی خاطر بھائی نے بھائی کو قتل کردیا۔ پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق واقعہ گجرات کے علاقے معین پورہ میں پیش آیا، دونوں بھائی نشے کے عادی تھے اور نشے کے حصول کے لیے ہی ایک دوسرے سے جھگڑا کیا۔
نشہ نہ ملنے کی تڑپ نے بڑے بھائی کو اس قدر جنونی بنادیا کہ اس نے فائرنگ کرکے اپنے چھوٹے بھائی کو قتل کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے بھائی کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کی کوشش کی اور اپنے بازو پر گولی مار لی جس کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ واضح رہے کی ماضی میں بھی بھائی کے ہاتھوں بھائی قتل ہونے کے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں۔
کہیں گھریلو ناچاقی تو کہیں کاروکاری کا الزام اور کبھی جائیداد کا تنازع لوگوں کا خون سفید کردیتا ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں جرائم کی شرح میں کئی گنا اضافہ ہو رہا ہے۔ آئے روز ایسے واقعات سننے میں آتے ہیں جہاں کبھی شوہر اپنی بیوی اور بچوں کو موت کے گھاٹ اُتار دیتا ہے تو کبھی خواتین گھریلو ناچاقیوں سے تنگ آ کر اپنے شوہر کی جان لے لیتی ہیں لیکن اس سب میں بچے پستے ہیں، اوراس طرح کے واقعات ان کی ذہنی صحت پر بُرے اثرات ڈالتے ہیں۔
لاہور سمیت پنجاب کے شہری علاقوں میں جرائم کی شرح غیرمعمولی طور پر بڑھ گئی ہے۔ پولیس کے اعداد وشمار کے مطابق سنگین جرائم میں 25 فیصد اضافہ ہوا ۔ گذشتہ برس وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رواں سال میں چوری، ڈکیتی، قتل، اقدام قتل سرقہ بالجبر ، زنا اور گاڑی چوری کے 2500 کے قریب واقعات رپورٹ ہوئے۔ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں پشاور، کوئٹہ ، فیصل آباد، حیدرآباد، ملتان، سکھرمیں جرائم پیشہ افراد نے لوٹ مار کا بازار گرم کررکھا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق ملک میں روزانہ آٹھ سے زائد بچے جنسی استحصال کا نشانہ بن رہے ہیں ۔ جبکہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے ابتدائی چھ ماہ میں 105 افراد قتل ہوئے ہیں۔ یہ تعداد گذشتہ پورے سال کے مقابلے میں تین فیصد زیادہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں