عوام پٹرول کم سے کم استعمال کریں، شبلی فراز کا مشورہ

ہمیں جہاں تک ممکن ہو کم فیول استعمال کرنا چاہئیے،پاکستان پیٹرول بناتا یا ہمارے پیٹرول کے کنوئیں ہوتے تو پھر اور بات تھی۔وفاقی وزیر شبلی فراز کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے عوام کو کم سے کم پیٹرول استعمال کرنے کا مشورہ دے دیا۔انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جہاں تک ممکن ہو کم فیول استعمال کرنا چاہئیے۔پاکستان پیٹرول بناتا یا ہمارے پیٹرول کے کنوئیں ہوتے تو پھر اور بات تھی۔
شبلی فراز نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں 95 ڈالرز تک پہنچ گئیں ہیں جب کہ حکومت پیٹرول کی قیمت میں کوئی ٹیکسز نہیں ڈال رہی۔سخت وقت میں زندگی نارمل نہیں رہ سکتی۔حکومت کس کس چیز کو سبسڈائز کرے،ہماری حکومت کی ترجیح کھانے پینے کی چیزوں پر سبسڈی دینا ہے۔ کورونا اور مہنگائی عالمی ہے لہذا ہمیں اس میں خود کو ایڈجسٹ کرنا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال جون سے نو ماہ کے دوران اب تک12ویں بار پٹرولیم مصنوعات مہنگی کی گئی ہیں۔

15جون2021 سے اب تک پٹرولیم مصنوعات 51 روپے 30 پیسے تک مہنگی کی گئی ہیں۔ اسی عرصے میں ہائی اسپیڈ ڈیزل فی لیٹر 43 روپے 39 پیسے ، مٹی کے تیل کی قیمت میں فی لٹر 46 روپے 56 پیسے ،لائٹ ڈیزل کی قیمت فی لیٹر 46 روپے 32 پیسے جبکہ پٹرول کی فی لیٹر قیمت سب سے زیادہ 51 روپے 30 پیسے بڑھائی گئی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 12 روپے سے زائد اضافہ ظالم ،جھوٹی اور کرپٹ حکومت کا ظالمانہ اقدام ہے ،حکومت کے خاتمے تک مہنگائی کا ظلم ختم نہیں ہوگا ، عوام کو ظالم حکومت کے خلاف باہر نکلنا ہوگا ،۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ عوام کو مہنگائی کی سزا دینے والی حکومت سے نجات دلاکر ریلیف دیں گے ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں نہیں حکومت نے ملک میں غربت، مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ کیا ہے،پٹرول کی قیمت نہیں بڑھی، عوام کا آٹا چینی بجلی گیس دوائی، سبزی دال گھی کی قیمت بڑھی ہے ،عمران نیازی کے ہر فیصلہ سے مہنگائی بڑھتی ہے اور عوام کی تکلیف میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔
انہوں ے کہا کہ پونے چار سال میں اس حکومت نے صرف مہنگائی بڑھائی ہے ،موجودہ حکومت عوام کی سفید پوشی کی چادر چھیننے پر تلی ہوئی ہے ،46 روپے لیٹر پٹرول دینے کی تقریریں کرنے والے آج ایک ہی دن میں 12 روپے لیٹر اضافے کی منظوری دیتے ہیں ،عمران نیازی کے نئے پاکستان میں غریب کی کوئی جگہ نہیں ،صرف مافیا اور گٹھ جوڑ کرنے والوں کی جیبیں بھری جا رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں