سکھر: درختوں کی کٹائی پردو بھائیوں میں جھگڑا، خاتون سمیت 6 افراد قتل

سکھر:(کرائم ڈیسک) درختوں کی کٹائی کے معاملے پر دوبھائیوں کے جھگڑے نے خاتون سمیت 6 افراد کی جان لے لی ، مقتولین کی نعشیں ہسپتال منتقل کردی گئیں۔ سکھر کے ضلع کے تما چانی تھانہ کی حدود کے علاقے میں شیخ برادری کے دو بھائیوں میں درخت کاٹنے کے معاملے پر ہونے والے جھگڑے میں دونوں بھائیوں اور ان کے حمایتیوں نے ایک دوسرے پر جدید اسلحے سے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر گولیاں لگنے سے ہلاک ہوگئے جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی ۔

فائرنگ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری نے علاقے میں پہنچ کر صورتحال پر کنٹرول کرلیا اور مقتولین کی نعشیں اور زخمی خاتون کو سول ہسپتال سکھر پہنچایا جہاں پر خاتوں بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔

ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک نے بھی جھگڑے میں 6 افراد کے قتل ہونے کی تصدیق کردی ہے، واقعہ کے بعد علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا جبکہ پولیس کی بھاری نفری علاقے میں موجود ہے ۔

مقتولین میں 3 سگے بھائی بتائے جاتے ہیں، مقتولین کی شناخت مسمات نسرین ،غلام نبی ،غلام اکبر ،غلام محمد ، پرویز اور اویس کے ناموں سے کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں