ایک سینیٹر کو کیا کیا مراعات ملتی ہیں؟ دلچسپ تفصیلات

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ایک سینیٹر کی تنخواہ ایک لاکھ 50ہزار ماہانہ ہوتی ہے ، چیئرمین سینیٹ کی تنخواہ دو لاکھ 25ہزاراور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی تنخواہ ایک لاکھ 85ہزار روپے ہے ۔ سینیٹ کے ایک رکن کو ڈیلی جنرل الائونس میں 2800روپے، سپیشل ڈیلی الائونس 4800، کنونشن الائونس 2000اور ہائوس الائونس 2000روپے ملتا ہے ، اسکے علاوہ گریڈ 22کے افسر کے برابر میڈیکل کیئر کی سہولت بھی دستیاب ہوتی ہے۔ ایک سینیٹر کی تنخواہ میں آفس الائونس آٹھ ہزارروپے ، ٹیلی فون الائونس 10 ہزار، ایڈہاک ریلیف الائونس 15ہزار روپے اور دیگر اخراجات کی مد میں پانچ ہزار روپے ماہانہ شامل

ہیں۔اس کے علاوہ مفت سفری سہولیات کے لیے سالانہ تین لاکھ روپے کے ٹریولنگ وائوچرز دئیے جاتے ہیں اور انہیں استعمال نہ کرنے کی صورت میں سینیٹ کافاضل رکن 90ہزار روپے کیش بھی وصول کرسکتا ہے۔ایک سینیٹر کو بلیو پاسپورٹ اور 25بزنس کلاس فضائی ٹکٹس کی سہولت بھی میسر ہوتی ہے جو وہ خود یا ان کی فیملی بھی استعمال کرسکتی ہے۔انہیں ٹریول الائونس کی مد میں ریل پر ایک ایئرکنڈیشن کلاس اور ایک سیکنڈ کلاس فیئر کے مطابق الائونس بھی ملتا ہے۔سینیٹ رکن کو فضائی سفر پر 150 روپے، بذریعہ روڈ سفر کرنے پر 10 روپے فی کلومیٹر ٹریول الائونس ملتاہے،ایک سینیٹر کی رہائش گاہ پر مفت ٹیلی فون کی سہولت بھی میسر ہوتی ہے۔کسی بھیرکن سینیٹ کے قائمہ کمیٹی کے چیئرمین بننے پر اعزازیہ کی مد میں 12ہزار 700 روپے اضافی دئیے جاتے ہیں۔چیئرمین کمیٹی کو 1300سی سی کار کے ساتھ 360 لٹر پٹرول ماہانہ، گریڈ 17 کے پرائیویٹ سیکرٹری، گریڈ 15 کے سٹینو گرافر ، درجہ چہارم کے ڈرائیور اور نائب قاصد بھی رکھنے کی اجازت ہوتی ہے،ا نہیں آفس اور ضروری فرنیچر کی خریداری سمیت 10 ہزار روپے ماہانہ ٹیلی فون کے لیے دئیے جاتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں