سال2021کورونا کے باوجود ٹیکسٹائل سیکٹر کے لئے انتہائی سود مندثابت ہوا

پاکستان نے جولائی 2021 سے نومبر 2021 تک 12.344 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ کی جس میں سے بڑا حصہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کارہا، رپورٹ

کراچی(کامرس ڈیسک)سال 2021 کورونا وبا کے باوجود ٹیکسٹائل سیکٹر کے لئے انتہائی سود مند ثابت ہوا ،حکومت کی جانب سے ایس او پیز کے ساتھ کاروبار کی اجازت دینے پر حکومت نے صنعتکاروں کو مختلف ریلیف پیکجز دئیے جس کا ایکسپورٹرز نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔سال 2021 میں کورونا وبا نے دنیا بھر کی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا،پاکستانی معیشت بھی انتہائی دبا کا شکار رہی تاہم ایکسپورٹرزنے انٹرنیشنل مارکیٹ میں اپنی کامیابی کے پنجے گاڑ دئیے۔
پاکستان نے جولائی 2021 سے نومبر 2021 تک 12.344 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ کی جس میں سے بڑا حصہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کارہا۔صنعتکاروں کے مطابق انرجی سیکٹر پر حکومتی ریلیف کے باعث صنعتی پہیہ پوری طرح رواں ہوا ۔صنعتکاروں نے بین الاقوامی مارکیٹ میں نئے کسٹمرز تلاش کرکے اربوں ڈالر کے نئے آرڈرز حاصل کئے جبکہ آرڈرز کی تیاری کے لئے جدید ٹیکنالوجی کی 2ہزار ایئرجیٹ لومز بھی ٹیکسٹائل انڈسٹری کا حصہ بن چکی ہیں ۔

صنعتکاروں نے بتایاکہ مختلف حکومتی ریلیف پیکجز سے کپڑے کی پیداواری لاگت میں کمی آئی جس سے ایکسپورٹ آرڈز کی تیاری میں مدد ملی۔سال 2021 ایکسپورٹرز کے لئے تو انتہائی کامیاب ثابت ہواتاہم ڈالر اور بجلی کی قیمت میں بار بار اضافہ نے ملکی انڈسٹری کو بری طرح متاثر کیا ۔صنعتکاروں نے کہاکہ حکومت چھوٹی انڈسٹری کو بھی ریلیف پیکج دے اور بجلی اور ڈالر کی قیمت میں کمی لے آئے تو آنے والا سال لوکل انڈسٹری کے لئے بھی صنعتی ترقی کا سال ثابت ہوسکتا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں