مہنگائی کا راج برقرار،ماہانہ 17 ہزار تک کمانے والوں کیلئے ریکارڈ22 فیصد ہوگئی

اسلام آباد:(کامرس ڈیسک) ملک میں مہنگائی کا راج بدستور برقرار ہے اور ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.40 فیصد اضافہ سے مہنگائی کا پارہ 19.83فیصد کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کی گئی جس کے مطابق ماہانہ 17 ہزار تک کمانے والوں کیلئے مہنگائی ریکارڈ22 فیصد ہوگئی ،رواں ہفتے کے دوران 23اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور ٹماٹر،ایل پی جی،لکڑی مہنگی ہوگئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 118روپے3 پیسے مہنگا ہوا جس کے بعد قیمت 2345 سے بڑھ کر 2463ہوگئی ہے ۔ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر فی کلو 5 روپے 42 پیسے مہنگے ہوگئے، رواں ہفتے چینی کی فی کلو قیمت میں 1روپے 32 پیسے کا اضافہ ہوا۔

ایک ہفتے کے دوران انڈوں کی فی درجن قیمت میں 5روہے 3 پیسے کا اضافہ، رواں ہفتے دال ماش کی فی کلو قیمت میں 3روپے47 پیسے کا اضافہ ،لکڑی کی فی من قیمت میں 3روپے 43پیسے کا اضافہ ہوا۔

رواں ہفتے صرف 5اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ، آلو 2 روپے 5پیسے فی کلو سستے ہوئے، پیاز ،گڑ اور آٹے کی قیمتوں میں معمولی کمی ہوئی جبکہ چاول ،کوکنگ آئل سمیت 23اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں