پوری دنیا میں ایل این جی کی قلت ہے لیکن ہم نے ایل این جی کے 10 کارگوز کا انتظام کر لیا ہے: وفاقی وزیر حماد اظہر
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) گیس کی فراہمی سردیوں میں بھی جاری رہے گی، حکومت کی جانب سے ایل این جی کے 10 کارگوز کا انتظام کر لینے کا دعویٰ۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں سردیوں کے دوران ممکنہ گیس بحران کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر کی جانب سے اہم بیان جاری کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پوری دنیا میں ایل این جی کی قلت ہے لیکن ہم نے ایل این جی کے 10 کارگو شپ سیکیور کر لیئے ہیں، گیس کی فراہمی سردیوں میں بھی جاری رہے گی۔
دوسری جانب مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا ملک میں موجود گیس بحران کے حوالے سے کہنا ہے گیس کی سپلائی پر میں بھی پریشان ہوں۔ گیس کی قلت کا مسئلہ بہت بڑا ہے۔ جو صنعتیں بجلی پیدا کرنے کے لیے گیس استعمال کررہی ہیں انہیں گیس کی سپلائی منقطع نہیں ہوگی۔
برآمدی شعبے کی بھی گیس بند نہیں کی جائے گی ۔ اگلے سال فروری سے مارچ تک گیس کی مسائل رہیں گے ۔
ہماری کوشش ہے کہ برآمدی شعبے کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔پاکستان کی برآمدات میں مسلسل اضافے پر توجہ مرکوز ہے۔ برآمدات بڑھانے کے لیے صنعتوں کو گیس کی سپلائی بہت اہم ہے۔ واضح رہے کہ پیٹرولیم ڈویژن نے گھریلو صارفین کو دن میں 3 وقت گیس کی فراہمی سے متعلق وضاحت جاری کی۔پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق دن میں صرف 3 وقت گھریلوصارفین کوگیس فراہمی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ سوئی ناردرن کو گیس کی فراہمی سے متعلق احکامات دیے ہیں، کھانےکے اوقات میں گھریلوصارفین کوگیس فراہمی یقینی بنانےکی ہدایت دی ہے۔ یہاں یاد رہے کہ کچھ دن قبل خبر سامنے آئی تھی کہ رواں برس موسم سرما کے دوران ملک کو بدترین گیس بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس کی وجہ سے گھریلو صارفین کو روزانہ صرف چند گھنٹوں کیلئے گیس فراہم کی جائے گی۔