سابق صدر آصف علی زرداری مشکل میں پھنس گئے

آصف زرداری کے خلاف 25 سال پرانے کیس میں نیب اپیلیں سماعت کےلیے مقرر کر لی گئیں

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) : پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین اورسابق صدر آصف علی زرداری مشکل میں پھنس گئے۔ آصف زرداری کے خلاف 25 سال پرانے کیس میں نیب اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کر لی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عدالت نے آصف زرداری کے خلاف اُرسز ٹریکٹر اور اے آروائی گولڈ ریفرنسز میں نیب اپیلیں مقرر کی ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیر کے روز دونوں نیب اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کیں۔
اپیلوں پر سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بنچ کرے گا۔ خیال رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری پر اے آر وائی گولڈ ریفرنس میں 10 ملین ڈالر رشوت کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ آرسز ٹریکٹر ریفرنس میں ٹریکٹر اسکیم میں سابق صدر آصف علی زرداری پر کرپشن کا الزام عائد تھا۔
لیکن احتساب عدالت نے سابق صدر کو دونوں مقدمات میں بری کیا تھا۔

تاہم قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین اور سابق صدر آصف زرداری کی بریت کو چیلنج کر رکھا ہے۔ نیب نے مؤقف اپنایا کہ نیب کی جانب سے 2014ء میں آصف زرداری کی بریت کو چیلنج کیا، اور آج تک سابق صدر آصف علی زرداری کو نوٹس جاری نہیں ہو سکا تھا۔ گذشتہ سماعت پر نیب نے نئے پراسیکیوٹر کی تعیناتی تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی تھی۔
یاد رہے کہ رواں برس جولائی میں مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کو نوٹس بھیجا ہے، جس میں ان سے نیویارک میں جائیداد کے حوالے سے جواب طلب کیا گیا تھا۔ نوٹس میں نیب کی جانب سے کہا گیا تھا کہ مین ہٹن نیو یارک میں آپ کا اپارٹمنٹ ہے جو پاکستان میں ظاہر نہیں کیا، بظاہر یہ اپارٹمنٹ خریدنے کیلئے پاکستان سے کوئی قانونی رقوم نہیں بھیجی گئیں، نیویارک میں جائیداد کیسے بنائی جواب دیا جائے۔ نیب نے 24 جون 2021ء کو نیویارک کے مبینہ اپارٹمنٹ کی تفصیلات جمع کروانی کی ہدایت بھی کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں