حکومت نے پارلیمنٹ کا کل ہونے والا مشترکہ اجلاس ملتوی کردیا

امید ہےاپوزیشن انتخابی اصلاحات پر سنجیدگی سے غورکرے گی، متفقہ انتخابی اصلاحات کیلئے اسپیکرقومی اسمبلی ایک بار پھر اپوزیشن سے رابطہ کریں گے، انتخابی اصلاحات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت نے پارلیمنٹ کا کل ہونے والا مشترکہ اجلاس ملتوی کردیا ہے، امید ہے اپوزیشن انتخابی اصلاحات پر سنجیدگی سے غور کرے گی، متفقہ انتخابی اصلاحات کیلئے اسپیکرقومی اسمبلی ایک بارپھر اپوزیشن سے رابطہ کریں گے، اگر ایسا نہ ہوا تو پھر اصلاحات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پارلیمان کے مشترکہ اجلاس کو اس مقصد کیلئے موْخر کیا جا رہا ہے۔ ہمیں امید ہے اپوزیشن ان اہم اصلاحات پر سنجیدگی سے غور کرے گی اور ہم پاکستان کے مستقبل کیلئے ایک مشترکہ لائحہ عمل اختیار کر پائیں گے، تاہم ایسا نہ ہونے کی صورت میں ہم اصلاحات سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔

فواد چودھری نے کہا کہ انتخابی اصلاحات ملک کے مستقبل کا معاملہ ہے، ہم نیک نیتی سے کوشش کر رہے ہیں کہ ان معاملات پر اتفاق رائے پیدا ہو اس سلسلے میں اسپیکر اسد قیصر کو اپوزیشن سے ایک بار پھر رابطہ کرنے کا کہا گیا ہے،تا کہ ایک متفقہ انتخابی اصلاحات کا بل لایا جا سکے۔

یاد رہے اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کرنے والے ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا، اس ظہرانے میں حکومت کی اتحادی جماعتیں ق لیگ، ایم کیو ایم، جی ڈے اے کے ارکان نے بھی شرکت کی۔ ظہرانے میں ارکان کو کل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ وزیراعظم ہاؤس میں ظہرانے کے بعد اتحادی ارکان پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کیا کام تھا جو الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر شور مچایا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کام الیکشن کرانا ہوتا ہے اس نے پوری مہم چلائی۔ ای وی ایم شوق نہیں، چاہتا ہوں کہ شفاف انتخابات ہوں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جس معاشرے کی اخلاقیات قائم ہو تو آپ اس قوم کو ایٹم بم سے بھی ختم نہیں کرسکتے اور جب اخلاقیات ختم ہوتی ہے تو کرپشن اپنی جگہ بنا لیتی ہے اور اپوزیشن کرپٹ سسٹم کی پیداوار ہے جو تبدیلی کی خواہش مند نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم قانون سازی ذاتی یا سیاسی فوائد کے لیے نہیں کر رہے، انتخابی اصلاحات پر قانون سازی جمہوری نظام کے لیے ضروری ہے، ہمارا مقصد تھا کہ آئندہ انتخابات صاف اور شفاف ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایم سے متعدد فوائد ہیں کہ جیسے ہی انتخابات ختم ہوں گے فوراً نتائج سامنے ہوں گے، کسی کو ووٹ کی تصدیق درکار ہوگی تو اس کی تفصیلات بھی آسانی سے میسر ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں