وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پی ڈی ایم پر بیرونی ایجنڈے کا الزام عائد کردیا

پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ریاست کی مخالف ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) : وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد (پی ڈی ایم) پر بیرونی ایجنڈے کا الزام عائد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) بیرونی ایجنڈے پر کام کررہی ہے، اس میں شامل جماعتیں ریاست کی مخالف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے پاس کوئی نظریہ اور ایجنڈا نہیں ہے، لانگ مارچ ہو یا شارٹ مارچ ہم گھبرانے والے نہیں، اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد احتجاج اور مارچ کا شوق بھی پورا کر کے دیکھ لے، ماضی کی تحریکوں کی طرح اس بار بھی پی ڈی ایم کو مایوسی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کا نہ تو کوئی نظریہ ہے اور نہ کوئی ایجنڈا، لانگ مارچ ہو یا شارٹ مارچ ہم گھبرانے والے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت گرانے کی خواہش، بس خواہش ہی رہےگی، ماضی کی تحریکوں کی طرح اِس بار بھی پی ڈی ایم کو مایوسی ہوگی اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ اسمبلی سے باہر بیٹھنے والے وقت کا انتظارکریں کیونکہ 2023ء کےانتخابات میں بھی پاکستان تحریک انصاف واضح اکثریت کے ساتھ اقتدار میں آئے گی۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو کمزور ملکی معیشت ورثے میں ملی، ہمیں اقتدار ملا توخزانہ خالی اور ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا تھا، ابھی بھی ہمارے سامنے بہت سےچیلنجز ہیں جن کامقابلہ کرنا ہے، مہنگائی بھی ہمارے لئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے جو ایک عالمی مسئلہ ہے، صرف پاکستان میں مہنگائی کا تاثر دیناغلط ہے کیونکہ عالمی سطح پر پیٹرولیم منصوعات اور اشیاکی قیمتو ں میں اضافہ ہوا۔ خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں