وفاقی کابینہ نے مذہبی جماعت سے پابندی ہٹانے کی منظوری دے دی

پنجاب حکومت نے وفاقی کا بینہ کو کالعدم تنظیم سے پابندی ہٹانے کی سمری بھیجی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ تنظیم نے آئندہ پُرتشدد نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے، ذرائع

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پُرتشدد نہ ہونے کی یقین دہانی، وفاقی کابینہ نے مذہبی جماعت سے پابندی ہٹانے کی منظوری دے دی، نوٹیفکیشن کچھ دیر بعد جاری کر دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے پابندی ہٹانے کی منظوری دے دی۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی سے پابندی ہٹانے کا نوٹیفکیشن کچھ دیر میں جاری کردیا جائے گا۔
وزارت داخلہ کالعدم تحریک لبیک سے پابندی ہٹانےکا نوٹیفکیشن جلد جاری کرے گی۔خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے وفاقی کا بینہ کو کالعدم تنظیم سے پابندی ہٹانے کی سمری بھیجی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ تنظیم نے آئندہ پُرتشدد نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے۔سمری کے مطابق ٹی ایل پی مستقبل میں آئین پاکستان اور ملک کے قوانین کا احترام کرے گی۔

سمری میں کہا گیا ہے کہ حکومت پنجاب نے تنظیم سے پابندی ہٹانے کا فیصلہ تنظیم کی یقین دہانی اور وسیع قومی مفاد میں کیا ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ کالعدم لکھنے کی سفارش ابتدائی طور پر منظور کرکے کالعدم ختم کرانے سے متعلق وفاقی کابینہ کی منظوری لینے کی ہدایت کی تھی۔گذشتہ روز وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا تھا کہ وزارت قانون نےحکومت پنجاب کی سفارشات کی منظوری دے دی اور پابندی اٹھانے کی حمایت بھی کی ہے۔ٹی ایل پی پر عائد پابندی ختم ہونے کے بعد اُسے آئین کے تحت سیاسی آزادی حاصل ہوجائے گی، جس کے تحت وہ کرین کے نشان کے ساتھ انتخابات میں حصہ لینے کی مجاز ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں