ڈسکہ الیکشن رپورٹ ؛ شاہد خاقان عباسی کا حکومت کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ

حکومت کو الیکشن چوری کا جواب دینا پڑے گا ، امید ہے معاملے پراعلیٰ عدلیہ نوٹس لے گی ، الیکشن کمیشن ملوث کرداروں کو سزائیں دے گا ۔ رہنما ن لیگ کا بیان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ڈسکہ الیکشن کے معاملے پر حکومت کیخلاف آرٹیکل 6 کےتحت کارروائی ہونی چاہیئے۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈسکہ کاالیکشن صاف وشفاف نہیں تھا ، شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ، الیکشن میں دھاندلی روکناالیکشن کمیشن کاکام ہے ، انکوائری رپورٹ میں افسران کے نام سامنے آئے ہیں ، تاریخ کی نااہل ترین حکومت اقتدارمیں ہے ، این اے 75 ڈسکہ الیکشن کی رپورٹ پبلک نہیں کی گئی ۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ساڑھے 4 بجے پولنگ اسٹیشن بند کرنے کی ہدایت دی گئی ، پولیس نے الیکشن کمیشن کے عملے کو دھمکایا ، 20 پریذائیڈنگ افسران کو پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا ، 20 پریذائیڈنگ افسران کو نامعلوم جگہ پر رکھا گیا ، خاتون پریذائیڈنگ افسرکےساتھ بدتمیزی کی گئی ، پولیس کا کام عملے کی حفاظت کرنا تھا اغواء کرنا نہیں ، پولیس اورمحکمہ تعلیم الیکشن چوری میں ملوث ہیں ، حکومت کوالیکشن چوری کاجواب دیناپڑےگا ، امیدہےالیکشن کمیشن ملوث کرداروں کوسزائیں دے گا۔

دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عمران نیازی کو قانون ، جمہوریت اور سیاسی اخلاقیات کا زرا بھی احترام ہے تو ڈسکہ الیکشن کے حوالے سے رپورٹ کے آنے کے بعد استعفیٰ دیں اور قانون کا سامنا کریں ، اپنے ایک بیان میں ڈسکہ الیکشن رپورٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کے سرمائے کی طرح لوگوں کے ووٹ اور اپنے نمائندے منتخب کرنے کا اختیار بھی لوٹنے اور چھننے کی کوشش ہو رہی ہے ، ڈسکہ رپورٹ آگئی ہے اور ووٹ چوری ثابت ہوچکی ہے ، عمران نیازی بتائیں اب کس چیز کا انتظار ہے؟ اگر عمران نیازی طاقتور ہیں تو خود کو قانون کے نیچے لائیں اور کارروائی کی جائے ، نواز شریف کی طرح وزیراعظم ہو کر قانون کا سامنا کرنے اور پیشیاں بھگتنے کے لئے بڑا دل گردہ چاہیئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں