عدالت نے العربیہ اور رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 20نومبر تک توسیع کردی

لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور کی انسداد بینکنگ جرائم عدالت نے العربیہ اور رمضان شوگر ملز کیس میں سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور انکے صاحبزادے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 20نومبر تک توسیع کردی۔ عدالت نے ایف آئی اے کو نومبر کے وسط تک ہر صورت عبوری چالان جمع کرانے کا حکم دے دیا۔بینکنگ عدالت کے جج سردار طاہر صابر نے کیس کی سماعت کی۔
ہفتہ کے روز شہباز شریف اور انکے بیٹے حمزہ شہباز اپنی عبوری ضمانتوں میں توسیع کے لئے عدالت پیش ہوئے۔ دوران سماعت ایف آئی اے نے عدالت کے دائرہ اختیار پر اعتراض کیا تو عدالت نے قرار دیا کہ پہلے تفتیشی رپورٹ جمع کرائی جائے جس کے بعد عدالتی دائرہ اختیار کا معاملہ بھی حل ہو جائے گا۔ عدالتی استفسار پر پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ تفتیش مکمل کر رہے ہیں اگلے ماہ تک تفتیشی رپورٹ جمع کروادی جائے گی جس پر عدالت نے کہا کہ اگلا ماہ نومبر تو کل سے شروع ہورہا ہے کیا آپکو رپورٹ پیش کرنے میں تیس روز چاہئیں۔
عدالت نے ایف آئی اے اور پراسیکویٹر کو نومبر کے وسط تک تفتیشی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا۔ دوران سماعت شہباز شریف نے روسٹرم پراپنی صفائی میں کہا کہ نیب نے ہمارے خلاف منی لانڈرنگ کا اسی طرح کاکیسبنایا ہے۔ دوران سماعت شہباز شریف کے وکیل کے ایسوسی ایٹ نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز بیمار ہیں اور عدالت پیش نہیں ہو سکتے اس لئے کارروائی ملتوی کردی جائےجس پر عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں بیس نومبر تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی اور آئندہ سماعت پر ملزمان اور فریقین کے وکلا کو دوبارہ طلب کرلیا۔
یاد رہے کہ شہباز شریف اور حمزہ نے ایف آئی اے کی جانب سے طلبی پر گرفتاری سے بچنے کے لیے درخواست ضمانت دائر کی ہے جس میں ایف آئی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں